امریکی بنکاری کے ٹھکانوں پر نئے سائبر حملے کریں گے،سائبر فائٹرز

امریکی بنکاری کے ٹھکانوں پر نئے سائبر حملے کریں گے،سائبر فائٹرز

دبئی(آن لائن)ایک اسلام پسند گروپ نے کہا کہ وہ امریکی بنکاری کے ٹھکانوں پر نئے سائبر حملے کرے گا ،ایس آئی ٹی ای (سائٹ) انٹیلی جنس گروپ کے مطابق یہ حملے اسلام مخالف فلم کے جواب میں گزشتہ ہفتے کئے جانیوالے حملوں کی طرح ہوں گے ۔سائٹ کے مطابق”عزالدین القاسم کے سائبر فائٹرز “ نامی اس ہائیکرگروپ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ منگل کو ویلز فارگو بینک ،بدھ کو یو ایس بینک اور جمعرات کو پی این سی بینک کی ویب سائٹس پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔گزشتہ ہفتے امریکی بینکوں چیز (جی پی مورگن چیز سے ملحقہ بینک) اور بینک آف امریکہ کو اسی گروپ کی طرف سے دی جانیوالی دھمکیوں کے بعد مشکوک سائبر حملے کا نشانہ بننا پڑا تھا ۔آپریشن ابابیل بینک آف امریکہ سے شروع ہوا ،دوسرے میں مرحلے امریکہ کے سب سے بڑے بینک چیز پر حملہ ہو گا ،حملوں کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اس قابل نفرین فلم کو انٹرنیٹ سے ہٹا نہیں دیا جاتا ، یہ بات گروپ کی طرف سے دستخط کئے جانیوالے اور پیسڈبن ڈاٹ کام ویب سائٹ پر چسپاں کئے جانیوالے پیغام میں بتائی گئی ہے ۔اپنے تازہ ترین بیان میں گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے ”مسلمانوں کی معصومیت“ نامی متنازعہ فلم کے اجراءکے جواب میں کئے گئے ہیں ، اس اسلام مخالف فلم کی وجہ سے دنیائے اسلام میں زبردست پیمانے پر عوامی احتجاج کئے گئے ہیں ۔سائٹ کے مطابق بیان میں خبر دار کیا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ اس آپریشن کا نشانہ بلآخر اسرائیل ، فرانس اور برطانیہ کے مالیاتی اداروں کو بھی بنایا جائے ۔

مزید : عالمی منظر