سابق وزیراعظم سے محمود اچکزئی کی ملاقات مشرف نے بلوچستان میں بگاڑ پیدا کیا،موجودہ حکومت نے حالات بدتر کردئیے ،نواز شریف

سابق وزیراعظم سے محمود اچکزئی کی ملاقات مشرف نے بلوچستان میں بگاڑ پیدا ...

لاہور( جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے پختوانخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی قیادت میں وفد نے جاتی عمرہ رائیونڈ میں ملاقات کی ۔ جس میں نگراں سیٹ اپ ‘آئندہ انتخابات اوربلوچستان سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور بلوچستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف عام انتخابات میں پوشیدہ ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں نگران سیٹ اپ سمیت عام انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے جس میں بہت سے اہم معاملات پر بات کی گئی ہے ۔نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا شروع دن سے موقف ہے کہ بلوچستان کا احساس محرومی کو دور کرنے کےلئے بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرور ت ہے ۔ پرویز مشرف کے دور میں بلوچستان کے حالات میں بیگاڑ پیدا ہوا جبکہ موجودہ حکومت نے بھی مسائل کے حل کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا بلکہ حالات پہلے سے بھی بد تر ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا کہ تو بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونےوالی زیادتیوں کا ازالہ کرینگے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرینگے۔ نواز شریف سے (ن) لیگ جرمنی کے صدر رانا لیاقت اور (ن) لیگ سعودی عرب کے صدر مرزا الطاف نے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بجائے اپنی آنکھیں بند کر لی ہیں ۔ اگر یہ ملک کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہوتے تو آج حالات کچھ اور ہوتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ،عوام نے بھی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے اور وقت دور نہیں جب ان حکمرانوں سے نجات حاصل کرینگے۔علاوہ ازیں نواز شریف سے سویڈن کے سفیر لارس ہجالمروائڈ اور جرمنی کے سفیر سیرلنن نے جاتی عمرہ رائیونڈ میں ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید : صفحہ اول