مسلم لیگ ہم خیال سمیت 5جماعتیں رجسٹرڈ الیکشن کمیشن نے اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا حق موخر کردیا

مسلم لیگ ہم خیال سمیت 5جماعتیں رجسٹرڈ الیکشن کمیشن نے اوور سیز پاکستانیوں کے ...

اسلام آباد (آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کے براہ راست ووٹ ڈالنے کے حق کو موخرکردیا۔ بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کاایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اوور سیز پاکستانیوں کاآئندہ عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا معاملہ زیر بحث آیا جس میں الیکشن کمیشن نے بیرون ملک مقیم تارکین وطن کو ووٹ ڈالنے کاحق تو فراہم کردیاہے تاہم ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار پر الیکشن کمیشن کوآگاہ کیاگیا کہ 106ممالک میں 40لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جن میں رجسٹر ووٹرز بھی ہیں لیکن ان کو ووٹ ڈالنے کاحق کس طرح دیاجائے یہ بہت پیچیدہ طریقہ کار ہے کیونکہ مختلف قوانین اس چیز کی اجازت نہیں دیتے کوئی فرد جس ملک میں مقیم ہے اس ملک سے پاکستان میں ووٹ ڈال سکے اس لیے ضروری ہے کہ یہ فر د خود پاکستان آ کر ووٹ ڈالے لہٰذا بیرون ملک پاکستانیوں کوانہی کے ملک سے ووٹ ڈالنے کا فیصلہ آئندہ انتخابات کے لیے موخرکردیاگیا ہے جس کے بعد اگلے انتخابات میں اس کاطریقہ کار وضع کیاجاسکے گا۔ اجلاس میں خواتین کے ووٹ ڈالنے کے حوالے سے بھی ایک بل پر بحث کی گئی جس کے مطابق کسی بھی حلقے میں خواتین کی نشست پر 10فیصد سے کم ووٹ ہونگے۔ الیکشن کمیشن وہاں نتائج روک کر دوبارہ پولنگ کرواسکے گا اوراگر کوئی بھی خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک رہا ہو تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس بل کی حتمی منظور پارلیمنٹ دیگی اجلاس کے دوران مسلم لیگ ہم خیال سمیت 5غیر رجسٹرڈ جماعتوں کو بھی رجسٹرڈ کیاگیا ہے۔

مزید : صفحہ اول