جمعہ کو عوام سے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا حلف لیں گے: صاحبزادہ فضل کریم

جمعہ کو عوام سے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا حلف لیں گے: صاحبزادہ فضل کریم

لاہور(نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ 28 ستمبر کو ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں عوام سے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا حلف لیا جائے گا اور گستاخانہ فلم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ اس روز ملک بھر میں علمائے کرام ناموسِ رسالت کو خطباتِ جمعہ کا عنوان بنائیں گے۔ تحریک ناموسِ رسالت کو بدنام اور ناکام کرنے کے لیے امریکی لابی متحرک ہو چکی ہے۔ چند پرتشدد واقعات کو اچھالنے والے امریکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ لاکھوں افراد کے ہزاروں پرامن جلوسوں کو نظرانداز کر کے توڑپھوڑ کے واقعات پر واویلا کرنا ناانصافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کا مختصر دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر ائیرپورٹ پر کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ گستاخانہ فلم کی وجہ سے امریکہ کے خلاف نفرت عالمی لہر میں تبدیل ہو چکی ہے۔ امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ تحریک ناموسِ رسالت میں شرکت ہر مسلمان پر فرض ہے۔ عدلیہ کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کرنے والے رسول اللہﷺ کی ناموس کے لیے باہر کیوں نہیں نکلے۔ تحریک ناموسِ رسالت کے سلسلے میں مصلحتوں کا شکار ہونے والے سیاستدانوں کو قوم ووٹ نہیں دے گی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرنے والے حکمران دو سال گزرنے کے باوجود عافیہ صدیقی کو رہا نہیں کرا سکے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ صدر پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گستاخانہ فلم کے خلاف آواز بلند کر کے قوم کے جذبوں کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ گستاخانہ فلم پر پابندی نہ لگا کر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں اشتعال اور بدامنی پھیل رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1