پی آئی اے نے فرینکفرٹ اور مانچسٹر کے لیے پروازیں بند کردیں

پی آئی اے نے فرینکفرٹ اور مانچسٹر کے لیے پروازیں بند کردیں
پی آئی اے نے فرینکفرٹ اور مانچسٹر کے لیے پروازیں بند کردیں

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن ( پی آئی اے )نے نیدر لینڈ کے شہر ایمسٹر ڈیم اور جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کیلئے اپنی پروازیں بند کرنے اور دبئی سمیت دیگر مقامات کیلئے پروازیں کم کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ روٹس کم کرنے سے پی آئی اے کی آمدنی میں بھی نمایاں کمی ہو گی۔جیو نیوز کے مطابق 18 اکتوبر سے شروع ہونے والے موسم سرما کے فلائٹ شیڈول میں کئی مقامات کیلئے پروازیں کم اور بند ہو جائیں گی۔ لاہور اور اسلام آباد سے چلنے والی پی آئی اے کی ہفتہ وار دو پروازیں 27اکتوبر سے بند ہوں گی اور مارچ 2013ءتک بکنگ کرانے والے مسافروں کی رقم واپس کر دی جائے گی۔ بارسلونا کیلئے ہفتہ وار پروازیں دو سے کم کر کے ایک اور برمنگھم کیلئے چار سے کم کر کے تین کر دی گئی ہے۔ کراچی سے دبئی کی پرواز پی کے 213 بھی بند ہو گئی ہے جبکہ اسلام آباد اور کراچی کے درمیان اتوار کو چلنے والی ایک پرواز بھی بند کر دی گئی ہے۔ پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ کمی کا بہانہ بنا کر اہم روٹس پر ترکش ائیرلائن سے معاہدے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پی آئی اے ترجمان کا موقف ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹر ز نے غیر منافع بخش روٹس کا جائزہ لینے اور منافع بخش روٹس میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور تجاویز زیر غور ہیں تاہم روٹس اور پروازیں بند کرنے کافیصلہ چیئرمین کی تقرری کے بعد ہی کیا جائے گا۔ ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حج آپریشن کیلئے طیاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بعض مقامات کی پروازیں کم کی گئی ہیں۔ پی آئی اے کے 42 میں سے 30 طیارے پرواز کے قابل ہیں جن میں سے دو چار اکثر ہی خراب رہتے ہیں، پی آئی اے نے اس سال حج آپریشن کیلئے طیارے لیز پر حاصل نہیں کئے، حج آپریشن کیلئے طیاروں کی ضرورت پوری کرنے کیلئے متعدد روٹس پر پروازوں کی تعداد کم کر دی گئی ہے۔ 

مزید : قومی