بند ائیر پورٹوں پر کروڑوں کے اخراجات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایاگیا ہے کہ ملک کے 11 ایئرپورٹس پروازوں کے لیے بند پڑے ہیں لیکن ان کی دیکھ بھال پر خرچہ کیا جارہا ہے ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس اسلام آباد میں عذرا فضل کی زیر صدارت ہوا جس میں سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن امور پر بریفنگ د ی اور بتایا کہ ملک میں 11 ایئرپورٹس بند پڑے ہیں۔ جن میں سہون، تلہار، میرپورخاص،راولاکوٹ،جیوانی کے ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔ چیئرپرسن قائمہ کمیٹی عذرا فضل نے کہاکہ ایئرپورٹس بند ہیں لیکن ان کی دیکھ بھال پر بہت خرچ آرہا ہے۔سہون کے بندایئرپورٹ پر سالانہ ساڑھے 4 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ کمیٹی نے سول ایوی ایشن کی اراضی پر ناجائز قبضے، تجاوزات اور زیرالتواءکیسز کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔