عید سے پہلے متاثرین سیلاب کی مالی امداد!
پنجاب کابینہ نے عیدالاضحی سے قبل سیلاب سے متاثرہ افراد کو مالی امدا دینے کی منظوری دے دی ہے، وزیراعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ اور تمام صوبائی وزراء عید سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ منائیں گے۔یہ ایک مستحسن فیصلہ ہے، وزیراعلیٰ یوں بھی تسلسل سے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کر کے متاثرین کی بحالی کے کام کی براہ راست نگرانی بھی کر رہے ہیں اور ان کے بار بار جانے سے انتظامیہ والے بھی خبردار رہتے ہیں، تاہم ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ امداد کتنی ہو گی۔
گزشتہ دِنوں وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے انتظامی افسروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ متاثرین کے جانی اور مالی نقصان کی تفصیل مہیا کریں، ضلعی انتظامیہ کے حکام نے یہ کام ریونیو والوں سے لیا، دوسرے معنوں میں بدنام شعبہ پٹواریوں کا یہ کام کر رہا ہے اور اب شکایات بھی آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ایک یہ شکایت بھی ہے کہ زیادہ پانی میں گھرے دور کے علاقوں میں کوئی نہیں پہنچا۔ وزیراعلیٰ کی کوششوں اور دن رات کی کامیابی کا انحصار اس امر پر ہے کہ تمام متاثرین تک امداد پہنچ سکے۔اگر اِسی عملے سے کسی درست نوعیت کی نگرانی کے بغیر کام لیا گیا تو نیک کام بھی بدنامی کا باعث بنے گا۔وزیراعلیٰ کا جذبہ قابل قدر ہے، ضروت اس امر کی ہے کہ ہر ضلع کے ڈی سی او اور پھر دوسرے افسر بھی اِسی جذبے اور لگن کا مظاہرہ کریں اور چھوٹے عملے کو گڑ بڑ نہ کرنے دیں، اب نقد امداد کے لئے بھی نظام کی بہتری اور نگرانی کی شدید ضرورت ہے۔