قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مقتول کے ورثاءاور اہل علاقہ کا احتجاجی مظاہرہ

قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مقتول کے ورثاءاور اہل علاقہ کا احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) قتل کرنیوالے بااثر ملزمان کیخلاف عدم کارروائی پر ورثاءاور علاقہ مکینوں کا احتجاج ‘پولیس کیخلاف درجنوں مظاہرین کی شدید نعرے بازی ‘اعلی حکام سے فی الفور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق قادر آباد کے محلہ رحمتاں آباد کے رہائشی محنت کش اقبال اور پرویز وغیرہ نے علاقہ میں 27 مرلے جگہ خریدی ‘چند دن قبل علاقہ کے بااثر افراد عمران ‘اصغر وغیرہ 27 مرلے جگہ پر قبضے کی نیت سے محنت کش اقبال اور پرویز کے گھر پر 9 سے زائد افراد نے مسلح ہو کر ہلہ بول دیا اور اراضی پر قبضے کی کوشش ناکام ہونے پر بااثر افراد عمران ‘اصغر ‘فیاض ‘ریاض ‘ابرار ‘خالد ‘خرم وغیرہ سمیت متعدد افراد نے فائرنگ شروع کر دی ۔ فائرنگ کی زد میں آ کر اراضی کے مالک اقبال اور پرویز شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مگر زخمی اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ اور مقتول اقبال کا بھائی پرویز تشویشناک حالت میں مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ قادر آباد پولیس نے مقتول اقبال کے بھائی جاوید کی مدعیت میں نو ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر دیا۔ مگر مقدمہ درج ہونیکے کئی روز گزر جانے کے باوجود تھانہ قادر آباد پولیس کوئی ملزم گرفتار نہیں کر سکی ۔ جس کیخلاف مقتول اقبال کے اہلخانہ اور سینکڑوں کی تعداد میں علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور قادر آباد پولیس کے ایس ایچ او اور تفتیشی افسر اکرام کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔ مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ قتل کے نامزد ملزمان عمران ‘اصغر وغیرہ علاقہ کے بااثر افراد ہیں ۔ مقامی پولیس نے بااثر ملزمان سے ساز باز کر رکھی ہے ۔ معززین علاقہ صابر علی نے بتایا کہ سعد عرف مولا‘جاوید اختر چیمہ مقامی سیاسی شخصیات ہیں جو ملزمان کی پشت پناہی کرتے ہیں ۔ مدعی مقدمہ جاوید نے بتایا کہ نامزد ملزمان سے چار ملزمان خود تھانہ میں پیش ہوئے ۔ مگر ہمارے کیس کے تفتیشی اکرام نے ابھی تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری نہیں ڈالی اور الٹا قتل کے نامزد ملزمان کو تھانہ میں وی آئی جی پروٹوکول دیا جا رہا ہے ۔ بااثر ملزمان عمران ‘اصغر وغیرہ نے ہمارے اوپر اس سے پہلے بھی جگہ ہتھیانے کیلئے مقامی پولیس کی ملی بھگت سے دو جھوٹے مقدمے درج کروا چکے ہیں ۔ اہلخانہ نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ‘آئی جی پنجاب ‘آر پی او گوجرانوالہ سے اپیل کی ہے کہ ہمارے مقدمہ کے نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور ہمارے کیس کے تفتیشی آفسر کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کر کے ہمارے مقدمے کی تفتیش کسی ایماندار افسر کے سپرد کی جائے اور بااثر ملزمان اور مقامی پولیس سے تحفظ فراہم کیا جائے ۔

مزید :

علاقائی -