قصور :ڈکیتی و چوری کی متعد د وارداتیں ، لاکھوں کا مال و زر لوٹ لیا گیا
قصور(بیورورپورٹ)قصور اوراس کے نواح میں ڈکیتی ،راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں موٹرسائیکلیں ،نقدی رقم ،موبائل فونز اور دستاویزات ڈاکو چھین کر لے گئے ۔ایک واردات میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ مراد خان کے رہائشی شوز میکر احمد شہزاد اور اس کا ساتھی اللہ وسایا موٹرسائیکل نمبر3693-LEZپر سوار کارخانہ میں کام کرنے والے کاریگر کو ملنے کی غرض سے جار رہے تھے جب وہ کالی پل کوٹ میرباز خاں کے قریب پہنچے تو ہنڈا پر سوار دو نقا پوش ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کی نوک پرروک لیا اور ا ن کی کنپٹی پر پستول تان کر پینتیس ہزار روپے کی نقدی رقم ،موبائل فونز ،شناختی کارڈ ،چیک اور دوسری دستاویزات چھین لیں اور فرار ہوگئے ۔اسی اثناء میں ڈکیتی کی اطلا ع15پر کی کوشش کی تومتعلقہ عملے نے فون نہ اٹھایا مگر آدھے گھنٹے کے بعد گشت پر مامور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ملتان روڈ پھولنگر اقبال ٹاؤن کے قریب ناکہ زن ڈاکوؤں نے کار سوار محمدکاشف کو اسلحے کی نوک پرروک کر ان سے تئیس ہزار روپے کی نقدی رقم اور موبائل فون چھین لیا۔بائی پاس چونیاں کے قریب موٹرسائیکل سوار محمدصدیق اور اس کے بھائی ذکاء اللہ کوڈاکوؤں نے روک کر چالیس ہزار روپے کی نقدی رقم، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین لی ۔مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے ذکاء اللہ کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ گنڈا سنگھ والا کے نواح کھریپڑ میں سہجوال کے رہائشی عقیدت مند بابر علی کی دربار کے باہر کھڑی ہوئی اس کی موٹرسائیکل نامعلوم چور اس وقت لے گئے جب وہ دربار پر چادر پوشی کے بعد حاضری دے رہا تھا۔بائی پاس پھولنگر کے قریب ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل نذیر احمد چالیس ہزار روپے کی نقدی رقم اور موبائل فون چھینا اور چلتے بنے۔اسی طرح کوٹ رادھاکشن کے نواح اولکھ میں ناکہ زن ڈاکو ؤں نے چھینہ اوتاڑ کے رہائشی موٹرسائیکل سوار عبدالرشید اور محمداسلم کو اسلحہ کی نوک پر رو کر ان سے موٹرسائیکل،نقدی اور موبائل فون چھین لیے۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔