پاکستان کا حتف 9 میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا حتف 9 میزائل کا کامیاب تجربہ

  



راولپنڈی(اے این این)پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے ملٹی ٹیوب میزائل”حتف9“ کا کامیاب تجربہ کر لیا،”مار اور فرار“ کی صلاحیت کا حامل میزائل اپنے ہدف کو60کلو میٹر تک نشانہ بنا سکتا ہے،برق رفتار میزائل سسٹم ٹیکٹیکل اور آپریشنل سطح پر درپیش تمام خطرات کے خلاف موثر ہتھیار ثابت ہو گا،کامیاب تجربے پر صدر وزیر اعظم اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی سائنسدانوں اور انجینئرزکو مبارکباد۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مارکرنے والے ملٹی ٹیوب میزائل حتف نائن نصر کا کامیاب تجربہ کیا ہے،ملٹی ٹیوب میزائل حتف نائن زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔میزائل”مار اور فرار“ کی بھی خصوصی صلاحیت رکھتا ہے۔ایٹمی صلاحیت کا حامل نصر میزائل 60 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔تجربے میں چار میزائل یکے بعد دیگرے لانچ کئے گئے۔ حتف نائن میزائل نصر کو ملٹی ٹیوب لانچر سے کامیابی سے فائر کیاگیا۔ملٹی ٹیوب لانچر مکمل طور پر ملک میں ہی تیار کیاگیا ہے، کامیاب تجربے سے دشمن کو فوری جواب دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ،ڈی جی سٹرٹیجک پلانز ڈویژنلیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر اے، ایس، ایف،سی لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خان، چیئر مین نیسکام محمد عرفان برنی، اسٹرٹیجک فورسز کے سینئر افسران اور ا سٹرٹیجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے کامیاب ٹیسٹ فائر کا مظاہرہ دیکھا۔ یہ برق رفتار میزائل سسٹم ٹیکٹیکل اور آپریشنل سطح پر درپیش تمام خطرات کے خلاف موثر ہتھیار ثابت ہو گا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمودنے کامیاب تجربے پر سائنسدانوںاور انجینئرز کو مبارکباد دی۔انہوں نے تمام متعلقہ افراد کی فنی صلاحیتوں کو سراہا جن کی بدولت آج کا تجربہ کامیاب رہا۔ انہوں نے پاکستان کے اسٹرٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور مسلح افواج کی دفاع وطن کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ظاہرکیا۔آج کے کامیاب تجربے کو صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی سراہتے ہوئے تما م سائنسدانوں اور مشقوں میں حصہ لینے والی سپاہ کو اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...