عمران خان نے اپنے ہی سول نا فرمانی کے اعلان کی ’نافرمانی‘ کر دی ہے: خواجہ آصف
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کر کے اب خود اس اعلان کی نافرمانی کر دی ہے، عمران خان اپنے کسی اعلان پر قائم نہیں رہ سکتے اور بات تبدیلی کی کرتے ہیں۔ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کا حوالہ دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نے زمان پارک میں نصب 3میٹرز کا بجلی کا بل ادا کر دیا ہے، تینوں بل 9336 ، 15232، 16267 روپے کے تھے جو 28اگست کو جمع کروائے گئے۔ دوسری جانب عمران خان کا کہنا ہے کہ زمان پارک والی رہائش گاہ انکی نہیں ہے بلکہ انکی بہن کی ہے، اس لئے بل ادا کئے جانے سے میرا تعلق نہیں جبکہ بل کی ادائیگی ان کے بہنوئی حفیظ اللہ نیازی نے کی۔