سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود بھارتی نرسیں خوفزدہ ، سعودی وزیرصحت نے یقین دہانی کرادی

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود بھارتی نرسیں خوفزدہ ، سعودی ...
سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود بھارتی نرسیں خوفزدہ ، سعودی وزیرصحت نے یقین دہانی کرادی

  

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں موجود بھارتی نرسیں داعش اور حوثی باغیوں سے خوفزدہ ہوگئیں جس پر سعودی حکام نے اُنہیں محفوظ مقام پر تبادلے کی یقین دہانی کرادی ۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیرصحت خالد بن عبدالعزیز الفالح نے بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنی والی 50نرسوں سے یمنی بارڈر کے قریب موجود جزان میں ملاقات کی اوراُنہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ جو ملازمت کرناچاہتی ہیں اُن کا محفوظ مقام پر تبادلہ کردیاجائے گا، سعودی وزیرصحت کے اس اقدام کو پریشان حال نرسوں نے خوب سراہا اوراسے مثبت اقدام قراردیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ نرسیں یمنی باغیوں اور سعودی اتحادیوں کے درمیان جاری لڑائی کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار تھیں ۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک نرس نے انڈوایشیئن نیوز سروس کو بتایاکہ متعلقہ وزارت سے ملاقات کے بعد اُنہیں اپنی حفاظت کا یقین ہوگیاہے ، وزیرنے کہاکہ جوواپس جانا چاہتی ہیں ، جاسکتی ہیں لیکن معمول کا وقت درکارہوگااورجو محفوظ مقام پر تبادلہ چاہتی ہیں ، وہ بھی کردیاجائے گا۔ نرس کاکہناتھاکہ اُن میں سے 25نے واپس جانے کا فیصلہ کیاہے اور حج سیزن کے اختتام پر امتحانات ہوں گے ۔ یادرہے کہ معمول کے مطابق ایگزٹ ویزا کیلئے تقریباً تین ماہ درکار ہوتے ہیں ۔ 150بیڈ پر مشتمل سمتاہ جنرل ہسپتال میں کام کرنیوالی اس نرس نے بتایاکہ وہ آئندہ ہفتے سے اپنی ذمہ داریاں دوبارہ نبھاناشروع کردیں گی ۔

حال ہی میں ہسپتال میں نوکری شروع کرنیوالی کیرالہ کی ایک اور نرس نے بتایاکہ وزیرنے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایسی جگہ پر تبادلہ کردیاجائے گاجہاں کوئی پریشانی نہیں ، یہاں سے دورکسی اور ہسپتال میں اتوار سے اپنی ڈیوٹی شروع کریں گی ،ہم پچیس نرسیں ابھی آئی ہیں ، اگر محفوظ مقام پر تبادلہ ہوجاتاہے توواپس نہیں جائیں گی ۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں