مکہ مکرمہ تا مدینہ منورہ بلٹ ٹرین سروس کا کمرشل آغازآئندہ پیر کو ہوگا

Sep 27, 2018


ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ اور مدینہ کے درمیان تیز ترین ٹرین سروس کا افتتاح کر دیا ۔ 35 ٹرینوں پر مشتمل حرمین ایکسپریس کے ذریعے 450 کلومیٹر کا سفر 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طے ہو گا۔حکام کے مطابق حرمین ایکسپریس میں سالانہ 6 کروڑ افراد سالانہ سفر کریں گے اور اس کا مقصد حج و عمرہ کیلئے آنیوالے افراد کو ٹریفک کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے ۔اس ٹرین کا کمرشل آغاز آئندہ پیر سے شروع ہو جائے گا جس کے تحت مکہ اور مدینہ سے یومیہ آٹھ، آٹھ ٹرینیں چلیں گی اور سال کے آخر تک یہ تعداد 12 تک بڑھا دی جائیگی۔سعودی عرب کے وزیرِ ٹرانسپورٹ نبی العمودی کا کہنا تھا اس تیز ترین سفر کے ذریعے مکہ و مدینہ کے درمیان سفر مختصر اور آسان ہو جائے گا، حج اور عمرہ کے دوران مسلمان مکہ اور مدینے کے درمیان بس کے ذریعے سفر کرتے ہیں جس میں 6 گھنٹے تک لگ جاتے ہیں لیکن اب یہی سفر دو گھنٹے پر محیط ہو جائے گا۔مکہ کا ریلوے اسٹیشن مسجد الحرام سے چار کلو میٹر کے فاصلے پر ہے جہاں 20000 مسافروں کو سہولت دینے کی گنجائش ہے۔حکام کے مطابق تیز ترین ریلوے لائن کا منصوبہ 6 سال کے عرصے میں دو مراحل میں مکمل ہوا اور اس کی تعمیر میں سعودی، فرانسیسی، چینی اورسپین کی کمپنیوں نے حصہ لیا۔
بلٹ ٹرین سروس

مزیدخبریں