خیبر یونین آف جرنلسٹس کا خیبر نیوز کے رپورٹر پر تشددکیخلاف احتجاجی مظاہرہ
پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر یونین آف جرنلسٹس نے خیبر نیوز کے سنیئر رپورٹر سراج عارف اور کیمرہ مین سردار خان پر ریلوے پولیس کے ڈی ایس پی عالمگیر جان کی جانب سے تشدد کرنے کیخلاف کینٹ ریلوے اسٹیشن میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے مطالبہ کیا گیا کہ اپنی کرپشن چھپانے کیلئے میڈیا ٹیم کو نشانہ بنانیوالے ڈی ایس پی عالمگیر کوفوری طور پر بر طرف کیا جائے بصورت دیگر صحافیوں کے احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے،خیبر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت خیبر یونین کے صدر فدا خٹک،پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ،یونین کے سیکرٹری محمد نعیم اور ظفر اقبال نے کی،فدا خٹک اور سید بخار شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں میڈیا کی آزادی کو سلب کرنے کیلئے مختلف راستے اختیار کئے جا رہے ہیں، ایک طرف آئے روز صحافیوں پر حملوں کو سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی،ڈی ایس پی عالمگیر جان نے میڈیا کوریج کے دوران جس طرح سراج عارف اور سردار خان پر بندوقیں تان کر تشدد کیا ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے،ریلوے حکام اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اگر مذکورہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی نہیں کی تو صحافیوں کا احتجاج تحریک کی صورت اختیار کر لے گا،احتجاجی مظاہرے میں نیو نیوز کی ٹیم کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور تھانے میں حبس بے جا میں رکھنے والے ڈی ایس پی یونیورسٹی کیمپس سیف اللہ اورکزئی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا