پاک بحریہ کی جانب سے ورلڈ میری ٹائم ڈے منایا گیا

  پاک بحریہ کی جانب سے ورلڈ میری ٹائم ڈے منایا گیا

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی جانب سے انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے تحت جمعرات کو ورلڈ میری ٹائم ڈے منایا گیا۔ورلڈ میری ٹائم ڈے ہر سال انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے تحت دنیا بھر میں ستمبر کے آخری ہفتے میں منایا جاتا ہے۔ رواں برس انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کی جانب سے اس دن کا موضوع '' بحری کمیونٹی میں خواتین کو با اختیار بنانا''  رکھاگیاجس کا مقصد میری ٹائم سیکٹر میں خواتین کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا اور ان کوروزگار کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سی پیک کی تکمیل کے بعد بحری شعبے کے بدلتے محرکات کے باعث پاکستان کی بحری سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس منصوبے سے جڑے معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے جو صرف ہمارے میری ٹائم سیکٹر  کی استعداد میں اضافے سے ہی ممکن ہے۔خواتین جو ہماری آبادی کا نصف ہیں کی میری ٹائم شعبہ جات میں دلچسپی ہمارے میری ٹائم پوٹینشل سے دیر پا فوائد کے حصول میں مددگار ہے۔ بحری انتظامی امور، بندرگاہوں اور بحری تربیتی اداروں میں خواتین کے لئے ساز گارماحول اور روزگار کے لئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو کہ دیر پا ترقی کے لئے نا گزیر ہے۔ ورلڈ میری ٹائم ڈے جیسے مواقع ملک میں بحری آگہی میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ورلڈ میری ٹائم ڈے 2019  کے موقع پر پاک بحریہ نے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جسکا مقصد پائیدار ترقی کے لئے اقوم متحدہ کے اہداف کے تناظر میں اس شعبے میں خواتین کی شراکت پر روشنی ڈالنا تھا۔ اس سلسلے میں میری ٹائم میوزیم، کراچی میں ایک رنگا رنگ میری ٹائم میلے کا انعقاد، نیشنل انسٹیٹیوٹ فار میری ٹائم افیئرز (NIMA)، کراچی کی جانب سے '' بحری کمیونٹی میں خواتین کو با اختیار بنانا''  کے موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام اور بحری ماحول کے تحفظ کے بارے میں آگہی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کی جانب سے ہاربر کی صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں میری ٹائم سیکٹر میں خواتین کے لئے موجود مواقع اور ملکی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کے حوالے سے بحریہ یونیورسٹی اور کنئیرڈ کالج لاہور میں لیکچرز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ بحریہ ماڈل کالج گوادر میں " ایک بچہ۔ایک درخت " کے عنوان سے ایک شجر کاری مہم کا  اہتمام کیا گیا جس میں کالج کے طلباء طالبات نے بھرپور شرکت کی۔علاوہ ازیں اس دن کی اہمیت کے حوالے سے پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات اورپاک بحریہ کے زیر انتظام اسکولز اور کالجزمیں منعقد کی جانے والی دیگر سرگرمیوں میں انعامی مضامین اور واٹر اسپورٹس کے مقابلے، مباحثے، سوشل میڈیا مہمات شامل تھیں۔ ورلڈ میری ٹائم ڈے 2019-  کے موقع پر پاک بحریہ نے پاکستان کے بحری سیکٹر کی ترقی اور بحری امور سے متعلق مختلف شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ میری ٹائم سیکٹر میں ترقی ہمارے سمندری معیشت کے حقیقی منافع کے حصول کے لئے خود کفیل ہونے کی جانب ایک قدم ہوگا۔  

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -