صحت کے میدان میں عملی خدمات انجام دے رہے ہیں، مسرت جہاں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمارے ڈاکٹرز اپنے ملک اور بیرون ممالک میں بھی اپنے کام اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ یہ بات کینڈا سے آئی ہوئی ممتاز ڈاکٹر شہلا عامر نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف الٹراساؤنڈ سونوگرامی کے زیرِ اہتمام مقامی ہوٹل میں بحیثیت مہمانِ خصوصی تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور ماہر تعلیم پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں اور یہ انسٹیٹیوٹ بھی نوجوان ڈاکٹرز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء اور طبی خدمات انجام دینے والوں کو الٹراساؤنڈ کی اعلیٰ تربیت فراہم کررہا ہے۔ قبل ازیں انسٹیٹیوٹ کی مینیجنگ ڈاکٹر مسرت جہاں نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم صحت کے میدان میں عملی خدمات گذشتہ 12 سالوں سے انجام دے رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم اس شعبہ میں بھی اعلیٰ مہارت رکھنے والے اساتذہ کے ذریعے عمدہ تربیت کے ساتھ طلباء کو تیار کریں وہ دیگر اداروں میں جا کر اعلیٰ خدمات انجام دیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم ہر چھ مہینہ بعد ایک کثیر تعداد میں طلباء و ماہرین کو تیار کررہے ہیں۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبر شاہ رخ عالم نے کہا کہ یہ انسٹیٹیوٹ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور ہمارے تمام طالب علم فخریہ طور پر مستند مانے جاتے ہیں اور بڑے بڑے اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تقریب سے ڈاکٹر نصرت عباسی، ڈاکٹر ایم آئی درانی، زاد ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔ میزبانی کے فرائض نوشین آصف نے احسن طریقے سے انجام دیئے۔ سوشل فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا جبکہ افتتاحی الفاظ اور مہمانوں کا شکریہ ڈاکٹر عابدہ بتول نے ادا کیا۔ آخر میں طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔