انڈسٹریل اسٹیٹ کو 10سال تک ٹیکس مستثنیٰ سے سرمایہ کار ی بڑھے گی‘زاہد بخاری
لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے سیکرٹری اطلاعات زاہد بخاری نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے پنجاب کی تین انڈسٹریل اسٹیٹس کو درآمدی پلانٹس اور مشینری پر کسٹم ڈیوٹیوں کے ون ٹائم خاتمے اور ان کی تجارتی پیداوار سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ٹیکسوں س ے10سال کیلئے استثنیٰ دینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے،پنجاب کی تین انڈسٹریل اسٹیٹ کو 10سال سے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے سے صوبہ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زاہد بخاری نے کہا کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے احکامات کے مطابق دو انڈسٹریل اسٹیٹس کا تعلق جنوبی پنجاب اور ایک کا وسطی پنجاب کے پسماندہ علاقے بھلوال سے ہے جبکہ دوسری دو انڈسٹریل اسٹیٹس رحیم یار خان اور وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ ہے۔یہ انڈسٹریل اسٹیٹس پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس کے ذیلی اداروں کے طور پر کام کررہی ہیں اور ان کی تمام تر تعمیرات اور زمین کی خریداری پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے اپنے وسائل سے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں پہلے سے موجود انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی اسی قسم کی سہولیات دی جائیں تاکہ صوبہ بھر میں صنعتی شعبہ ترقی کرکے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرسکے اس طرح حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگااور صوبہ خوشحالی وترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔نئی انڈسٹریز کے قیام سے روزگار کے لاکھوں مواقع بھی دستیاب ہونگے اور صوبہ سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔