پنجاب سے امدادی اشیاء کے ٹرک میر پور پہنچ گئے، زلزلہ سے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑینگے: عثمان بزدار

      پنجاب سے امدادی اشیاء کے ٹرک میر پور پہنچ گئے، زلزلہ سے متاثرہ بہن ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی اشیاء کے ٹرک میرپور پہنچ گئے، زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی، مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے پنجاب حکومت کے وسائل حاضر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی جلد بحالی کے کاموں میں بھی مکمل ساتھ دیں گے اور مشکل کی گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ علاوہ ازیں ایک دوسرے اجلاس میں لاہور کی صفائی کیلئے مستقبل کے ماڈل اور لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے امور کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ شہر کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا، کمپنی کے غیر ضروری اخراجات کو کم کیا جائے اورکارکردگی پر پوری توجہ دی جائے۔لاہور کو مختلف زونز میں تقسیم کر کے صفائی کے نظام کو پہلے سے زیادہ بہتر بنانے کیلئے ابھی سے کام کا آغازکیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی کمپنی سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد شہر میں صفائی اورکوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے کام پہلے سے بہتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بے ضابطگیاں اور بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ان کی انکوائری کرائی جائے گی۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ غیر ملکی کمپنی سے شہر کی صفائی کا معاہدہ اگلے برس ختم ہوجائے گاجبکہ لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ نے ٹرانزیکشن مشیر کے تقررکی منظوری دے دی جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے شہر میں صفائی کے نئے ماڈل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آف گرڈ سلوشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ چولستان، تھل اور کوہ سلیمان سمیت دیگربجلی سے محروم پسماندہ علاقوں کو سولر انرجی سے روشن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی سکیموں،زرعی ٹیوب ویلز اور سکولوں کوبھی بتدریج شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا جبکہ بہاولپور، رحیم یار خان، کوہ سلیمان، فورٹ منرو اور راجن پور میں ابتدائی طورپر سولر انرجی پراجیکٹ شروع کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوڑاکرکٹ کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لیا جا رہاہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی،جس میں انسداد ڈینگی مہم اورہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے انسدادڈینگی مہم بھر پور طریقے سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی نگہداشت پرپوری توجہ دی جائے۔وزیراعلی نے کہاکہ لاہورکے 6بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنائی جائیں گی۔میو، جناح، گنگارام، جنرل، سروسز اورچلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ مریضوں اوران کے تیمارداروں کی رہنمائی کیلئے مخصوص یونیفارم میں عملہ تعینات کیاجائے گاجبکہ آؤٹ ڈور کے سیکشن کو بھی معیاری بنایا جائے گا۔ ہسپتالوں کے اندراورباہررہنمائی کیلئے بورڈزلگائے جائیں گے۔ پارکنگ کی سہولتوں اورصفائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مریض اوران کے تیماردارکسی بھی مسئلے پر شکایت بھی درج کراسکیں گے جبکہ بڑے ہسپتالوں میں پناہ گاہیں بنائی جائیں گی اورہسپتال کی مینجمنٹ اورڈاکٹروں کو اچھی کارکردگی پر انعام دیا جائے گا۔مزید برآں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے جناح ہسپتال اور ٹھوکر نیاز بیگ پر قائم پناہ گاہوں کا اچانک دورہ کیااور وہاں مقیم لوگوں سے ملاقات کی۔وزیر اعلی نے پناہ گاہ کے کچن کا بھی دورہ کیااور پناہ گاہ میں مقیم لوگوں کے لئے تیار کردہ رات کا کھانا خود کھا کر معیار چیک کیا جبکہ بریانی اور زردہ کے معیار کی تعریف بھی کی۔وزیر اعلی نے پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعلی نے پناہ گاہ کے مختلف کمروں کا بھی معائنہ کیا۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -