بہتر پالیسیوں کی بدولت صوبہ میں سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگا رہوا، تیمورسلیم جھگڑا 

بہتر پالیسیوں کی بدولت صوبہ میں سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگا رہوا، ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122خیبر پختونخوا اور کریم پاکستان کے مابین ہونے والے معاہدے کی بدولت پشاور پاکستان کا پہلا شہر بن گیا جہاں کے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کریم کی آن لائن ایپلیکیشن کی مدد سے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور فائربریگیڈ با آسانی دستیاب ہوں گے۔ خیبر پختونخوا ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس کا معروف آن لائن ٹیکسی سروس کریم کے ساتھ مشترکہ معاہدہ طے پانا جہاں پشاور کے شہریوں کے لئے انتہائی اہم ہے وہاں صوبائی حکومت کی موئثر پالیسیوں کی بدولت صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہوا ہے۔بین الاقوامی شہرت کے حامل ادارے اور کمپنیاں نہ صرف خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں بلکہ پہلے سے کام کرنے والے بعض ادارے مزید سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے صوبے کو بھرپور آمدن حاصل ہونے کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے اور بے روزگاری پرقابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسکیو 1122 اور کریم پاکستان کے مابین ہونے والے معاہدے پر یہاں سے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کیا۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ 20۔2019 میں آن لائن سفری سہولیات اور آن لائن مارکیٹنگ کمپنیوں پر خدمات کی فراہمی کی مد میں ٹیکس ادائیگی کی شرح کو انتہائی کم کردیا جس کو ان کمپنیوں نے نہ صرف خوش آئند قرار دیا بلکہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبر پختونخوا میں اپنی خدمات اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کا بھی فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی کریم نے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سروس کوبلا معاوضہ تکنیکی معاونت فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی جس کا صوبائی حکوت نے خیر مقدم کرتے ہوئے کریم پاکستان کو ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ معاہدے کی کامیابی کے بعد اس سروس کا اجراء دیگر بڑے شہروں میں بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122کا ادارہ جو پہلے ہی خیبر پختونخوا کی عوام کو اہم خدمات فراہم کررہا ہے وہاں اس معاہدے کے تحت 1122 کی ایمبولینس اور فائر بریگیڈکسی بھی ہنگامی صورتحال میں سمارٹ فون کے ذریعے کریم ایپلیکیشن کی مدد سے صرف ایک clik پر آپ کی دہلیز پر حاضر ہو گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میرے علم کے مطابق ہمارے ہاں یہ اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد سروس ہے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لئے یہ انتہائی فخر کا مقام ہے کہ یہاں بین الاقوامی شہرت کی حامل کمپنیوں کے سربراہان آ رہے ہیں اور خیبر پختونخوا میں نہ صرف سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں بلکہ یہاں پر ہزاروں کی تعداد میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹا صوبہ ہونے کے باوجود ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروبار اورسرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور مزید ترقی حاصل کرسکیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا وہ پہلا صوبہ ہے جس نے آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لئے باقاعدہ لیگل فریم ورک بنایا جس کے تحت نہ صرف ان کمپنیوں کو قانونی حیثیت میں کام کرنے میں مدد ملی بلکہ ان کے کاروباری حجم میں بھی اضافہ ہوا جس سے صوبائی حکومت کو ٹیکس کی مد میں خاطر خواہ آمدن بھی حاصل ہو رہی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -