آج کرپٹ ترین قیادت جیلوں میں ، سندھ کی محرومی کو ختم کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے:عامر محمود کیانی

آج کرپٹ ترین قیادت جیلوں میں ، سندھ کی محرومی کو ختم کرنے کیلئے کام کیا جارہا ...
آج کرپٹ ترین قیادت جیلوں میں ، سندھ کی محرومی کو ختم کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے:عامر محمود کیانی

  

حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ آج کرپٹ ترین قیادت جیلوں میں ہے ، سندھ کی محرومی کو ختم کرنے کیلئے کام کیاجارہا ہے،روزگار ،تعلیم اورصحت کےمعاملےکوبہتر سےبہترکریں گے،ہمارے ملک میں اولاد اورمفاد کی سیاست کی جاتی ہے، ملک اور قوم کے مفادات تحفظ اورمعاملات  سے ماضی کے حکمرانوں کو کوئی غرض نہیں تھی۔

انصاف ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ وہ لیڈر بیٹھ گئے جو پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں،اُنہوں نے بھیوزیراعظم عمران خان کی ایمانداری اور دلیری کی بات کی ہے،وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے بین الاقوامی فورم پر پاکستان کو جو عزت ملی ہے اس کا ہر ایک کو اندازہ ہے،عمران خان  نے دلیری کے ساتھ پاکستان کا ہی نہیں بلکہ اُمت مسلمہ کا مقدمہ لڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ادارے ہمیشہ حکومت کے ساتھ ہوتے ہیں اور جس بھرپور طریقے سے فوج نے ملک اور قوم کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا کاروان سندھ میں داخل ہوچکا ہے ،اب ان  کرپٹ مافیا کی باری آئی ہوئی ہے ،ہم پر الزام لگایا گیا ہے کہ ہم مقدمات میں گرفتار کروارہے ہیں جبکہ یہ ان کے پرانے مقدمات ہیں جو سابقہ حکومتوں نے ایک دوسرے کیخلاف کئے تھے،70 سال کا مقابلہ 13ماہ سے کیا جارہا ہے ،سندھ کے حالات سے سب واقف ہیں، بہت کرپشن کی گئی ہے اب زیادہ لوٹ مار کرنے نہیں دیں گے، پاکستان کا اچھا دور شروع ہونے والا ہے ، بدقسمتی سے یہاں اولاد اور مفاد کی سیاست کی جاتی ہے عوام کے خاطر کوئی بھی کام نہیں کرتا، پورے سندھ کا کچرا پیپلزپارٹی کے اندر اکٹھا ہے ، لوگ علاج اور سہولیات سے محروم ہیں ، سیاستدان اربوں روپے مالیت کے گھروں میں رہتے ہیں لیکن یہاں غریب عوام کیلئے پیناڈول کی گولی بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے 10 بلین ڈالر قرضے کی قسط واپس کی ہے ، مہنگائی کم کرنے جارہے ہیں، دو یا چار ماہ میں پاکستان کے حالات میں تبدیلی نظر آئے گی،لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن پر صوبے تقسیم کئے گئے ہیں ، میثاق جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹا گیا ہے ، جب تک ذہنوں سے کچرا نہیں جائے گا اس وقت تک زمین کا کچرا صاف نہیں ہوگا، ان کی نیت بھی ٹھیک نہیں ہے ۔

مزید :

علاقائی -سندھ -حیدرآباد -