نوازشریف میں ہمت ہے تو وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں: مومنہ وحید
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ نوازشریف میں ہمت ہے تو وہ وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں،اپوزیشن جماعتیں اے پی سی پر کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو دھوکا دے رہی ہیں،سیاسی بے روزگار ذہن نشین کرلیں عوامی پذیرائی اے پی سی سے نہیں ملتی، عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے جو تحریک انصاف کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے مومنہ وحٰد کا کہنا تھا کہ عوام کو عمران خان کی جرات مند اور شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے،عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا، اے پی سی سے کچھ نہیں نکلے گا، اپوزیشن پہلے ہی تقسیم ہو چکی ہے، اب اپوزیشن جماعتوں میں مزید پھوٹ پڑے گی، اپوزیشن نے پھر ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کر دیا ہے، قوم کا پیسہ لوٹنے والے اے پی سی کے ناٹک کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے،اپوزیشن ملک کی ترقی و خوشحالی روکنے کے درپے ہے اور یہ عناصر ملک کو ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کر رہے ہیں، اپوزیشن کا منفی کردار افسوس ناک، ملک مزید خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔