اوچشریف: بڑے آپریشن کے بعد بھاری مقدار میں چرس‘افیون برآمد

        اوچشریف: بڑے آپریشن کے بعد بھاری مقدار میں چرس‘افیون برآمد

  

اوچ شریف (نامہ نگار+ سٹی رپورٹر + نمائندہ پاکستان) اوچ شریف پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں کوئٹہ سے منشیات سمگل کرکے جنوبی پنجاب کے علاقوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے دو افراد گرفتار کرکے (بقیہ نمبر41صفحہ 6پر)

ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی پانچ من سے زائدچرس اور افیون کی بھاری مقدار برآمد کر لی گئی، ملزمان کئی اضلاع کی پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے، تفصیلات کے مطابق ایس پی (ہیڈکوارٹر) بہاول پورمحمد سلیم خان نیازی نے ڈی ایس پی سرکل احمد پور شرقیہ بختیار احمد اور ایس ایچ او چوہدری اظہر جاوید کے ہمراہ تھانہ اوچ شریف میں پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ اوچ شریف پولیس نے موت کے سوداگروں کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کے نتیجے میں بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے دو سرگرم ارکان کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 5 من چرس اور سات کلو افیون برآمد کی ہے، ایس پی (ہیڈکوارٹر) محمدسلیم خان نیازی نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کارروائی کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے منشیات فروش اکرم کھوکھر کا تعلق ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی جبکہ احمد یار چوہان ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کا رہائشی ہے، کوئٹہ سے سمگل ہو کر آنے والی یہ منشیات ملزمان نے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں روانہ کرنا تھی، ایس پی نے میڈیا کے نمائندگان کو بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر ایس ایچ او چوہدری اظہر جاویدکے زیر قیادت اے ایس آئیز چوہدری محمدسلیم اختر، سجاد حسین لغاری اوردیگر اہلکاروں پر مشتمل اوچ شریف پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کیا،انہوں نے کہا کہ منشیات کی بھاری مقدارکے علاوہ ملزمان کے قبضے سے ملنے والی کار اور موٹرسائیکل کو بھی پولیس نے اپنی تحویل لے کر ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف تھانہ اوچ شریف میں علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں، ایس پی محمد سلیم خان نیازی نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈی پی او بہاول پور محمد صہیب اشرف کی رہنمائی اور ہدایات کے تحت پولیس منشیات کی روک تھام اور موت کے سوداگروں کی بیخ کنی کے لئے موثرر اقدامات کررہی ہے، یس پی سلیم خان نیازی نے منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ اُوچ شریف چوہدری اظہر جاوید اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہااور شاباش دی ہے۔

برآمد

مزید :

ملتان صفحہ آخر -