زین قریشی کا مختلف یونین کونسلوں کا دورہ‘ متعدد پراجیکٹس کا افتتاح 

  زین قریشی کا مختلف یونین کونسلوں کا دورہ‘ متعدد پراجیکٹس کا افتتاح 

  

 ملتان (نیوز رپورٹر) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ اے پی سی لٹیروں کا ٹولہ ہے۔ جو اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے اور احتساب سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ حکومت کو اے پی سی سے کوئی خطرہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے157 کی مختلف یونین کونسلوں ٹاٹے پور‘ لیلی پور‘ جلال آباد‘ قادر پور راں‘ کے مختلف وارڈوں میں ترقیاتی (بقیہ نمبر30صفحہ 6پر)

کاموں کا افتتاح‘ وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اپوزیشن نے اے پی سی بنا کر اپنا شوق پورا کیا۔ عوام میاں صاحبان اور بلال بھٹو کے بیانات سن لیں۔ اے پی سی شامل جماعتوں کے رہنماؤں کے بیانات مختلف ہیں۔ نظریات مختلف ہیں۔ اے پی سی کیا فعال ہوگی۔ اور اے پی سی میں کتنا اثر ہوگا۔ اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ بلکہ ہماری کارکردگی کی بدولت 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا حکومت عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ اور ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں جائیں۔ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں۔ جو راتوں رات حل نہیں ہوسکتے لیکن جتنے بھی وسائل ہیں خلوص نیت سے عوامی ترقی پر خرچ کررہے ہیں۔ جو ہوسکا اور جہاں تک ممکن ہو سکا حلقے کی ترقی کیلئے فنڈز لیکر آئینگے۔ اس مقصد کیلئے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی طور پر درخواست کرونگا۔ این اے157 کو ماڈل حلقہ بنا?ں گا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے حلقے میں حالیہ وفات پا جانے والی شخصیات کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔اور حلقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران وہ مختلف وفد سے ملے۔ ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ ایم پی اے ملک واصف مظہر راں۔ ڈپٹی اٹارنی جرنل مہر ضمیر سنڈل۔ ملک نسیم راں‘ ملک شہران راں۔ چودھری سجاد۔ چودھری مبارک۔ اکرم چاون۔ چیئرمین عباس لوٹھر۔ کرنل سلیم۔ عرفان سعید ران۔چودھری راشید نظر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

زین قریشی

تحصیل روجھان: مہنگائی میں اضافہ‘ غریبوں کی چیخیں‘ صورتحال سنگین 

 روجھان (نمائندہ پاکستان) پنجاب کی آخری پسماندہ تحصیل روجھان جہاں فیکٹری یا زراعت اور دوکانداری کے علاوہ دیگر ذریعہ روزگار نہیں ہے غریب پسماندہ لوگ دن بدن سبزیوں،دالوں ادوایات گوشت کے ریٹ بڑھنے سے شدید پریشان ہیں طویل(بقیہ نمبر31صفحہ 6پر)

 لاک ڈوان کے دوران چھوٹے دوکاندار طبقہ کارباری مراکز بند ہونے کے باعث اپنی جمع پونجی گھریلو اخراجات کی مد میں کھا گئے واضع رہے کہ روجھان میں صرف دو سے تین دوکاندار بڑے تاجروں کی لسٹ میں آتے ہیں جبکہ 95 فیصد دوکاندار کی اگر ایک دن دوکان بند ہوجائے تو دوسرے دن چولہا جلنا مشکل ہوجاتا ہے طویل لاک ڈوان کے دوران مسلسل دکانوں کی بندش نے دکاندار طبقے کو تباہ کردیا ہے جبکہ لاک ڈوان کے فوری بعد ٹڈی دل نے سینکڑوں کاشتکاروں کی فصلات کو شدید نقصان پہنچایا ابھی سود پر رقم حاصل کرکے کاشتکاروں کسانوں نے اپنی فصلیں آباد کی تھی دریائے سندھ اور رود کوہی کے سیلابی ریلوں نے غریب کسانوں کی لاکھوں ایکڑ کپاس پیاز اور دیگر قیمتی کاشت فصلیں تباہ کردیں اور گھروں کو شدید پہنچایا روجھان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے طبقہ کی تمام کاروباری زندگی معطل ہے شہر ویران پڑا ہے زراعت اور کاروبار کو اٹھانے کے لیے موجودہ حکومت نے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے جبکہ نوکریاں دینے کی اوسط بھی کم ہے زرعت اور کاروباری زندگی تباہ ہونے سے روجھان میں موجود ہر انسان معاشی بحران کا شکار ہے روجھان کی غریب عوام کی گزر بسر انتہائی مشکل حالات میں ہے دوسری طرف  دالوں سبزیوں آٹے گندم چینی اور ادوایات کے ریٹ بڑھانے سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے روجھان کی عوام وڈیرہ نعمت گل، وقاص چودہدری شریف لنجوانی طایر زمکانی شبیر لاٹھانی غلام قادر،ظریف ملک رفیق سمیت دیگر افراد نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹڈی دل سیلاب سے تباہ کسانوں کے لیے امدادی پیکج فوری فراہم کریں جبکہ لاک ڈوان سے متاثر دوکانداروں کے لیے بھی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے۔

چیخیں 

 بہاولپور میں جنوبی پنجاب کی سب سے 

بڑی سپر مارکیٹ کا افتتاح‘ عوام کو سہولتیں 

فراہم کرنا اولین ترجیح‘ زونل منیجر یوٹیلیٹی 

سٹورز ملتان شہزاد خان کا تقریب سے خطاب

بہاول پور(بیورورپورٹ) بہاول پورمیں جنوبی پنجاب کی دوسری سب سے بڑی سپر مارکیٹ کا افتتاح کردیا گیا ہے‘ زونل مینجر یوٹیلیٹی سٹور ملتان شہزادخان نے ربن کاٹ کاسپرسٹورکاافتتاح کیا اس موقع پر یوٹیلٹی سٹوربہاول پورکے ریجنل مینجر نایاب عباس‘ وئیرہاوس (بقیہ نمبر32صفحہ 6پر)

انچارج ملک شہزاداحمداعوان بھی موجودتھے‘ زونل مینجر یوٹیلٹی سٹورملتان شہزادخان نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورکایہ ویژن ہے کہ عوام کوسستے داموں اورمعیاری اشیاء کی فراہمی کویقینی بنایاجائے اوربہاول پورریلوے روڈ پرقائم کی جانے والی یہ سپرمارکیٹ اسی کی ایک کڑی ہے انہوں نے کہاکہ ملتان کے بعد جنوبی پنجاب میں قائم ہونے والی یہ دوسری سپرمارکیٹ ہے جہاں اشیاء خردونوش سمیت ضروریات زندگی سے تعلق رکھنے والی تمام اشیاء ایک ہی چھت تلے میسر ہونگی انہوں نے ریجنل آفس بہاول پورکی کارکردگی پراطمینان کااظہار کیا اورانکی کاوشوں کوسراہا ہے۔

شہزاد خان

میٹرک انٹر نتائج، ہزاروں ذہین سٹوڈنٹس دلبرداشتہ ری، چیکنگ کے نام پر بھاری فیسیں بٹورنے کا منصوبہ فائنل 

  اوچ شریف (نامہ نگار) کورونا کی ہنگامی صورت حال کے تناظر میں پنجاب کے تعلیمی بورڈزکی ناقص امتحانی پالیسی نے صوبہ بھر کے لاکھوں طلبہ کی محنت پر پانی پھیر دیا، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے ناقص نتائج سے ہزاروں ذہین اور محنتی طلبہ دلبرداشتہ ہوگئے، حکام نے ری چیکنگ کے نام پربھاری فیسوں کی مد میں والدین کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے لئے کمر کس لی،تفصیلات کے مطابق کورونا کی ہنگامی صورت (بقیہ نمبر1صفحہ 6پر)

حال کے تناظر میں صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز نے حکومت پنجاب کی سفارشات پر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے تمام طلبا ء و طالبات کو بغیر امتحان دیئے پاس کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم حکومتی اعلان کے باوجود کئی ماہ تک طلبہ کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے لاکھوں طلبہ انتظار اور ذہنی کوفت کی سولی پر لٹکے رہے اور تعلیمی بورڈز کے دفاتر کے چکر کاٹتے رہے، ناقص حکومتی پالیسی سے دلبرداشتہ ہو کر سیکڑوں طلبہ کا نہ صرف تعلیمی سال ضائع ہوا بلکہ کئی طلباء و طالبات پڑھائی چھوڑ کر گھروں میں بیٹھ گئے، بار بارمیٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی تاریخیں تبدیل کرکے تاخیر کے ریکارڈ توڑ دیئے گئے اوربلاوجہ التواکا شکار کرکے طلبہ اور ان کے والدین کو اذیت میں مبتلا کیا جاتا رہا، میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے جاری ہونے والے ان نتائج نے سیکڑوں ہزاروں ذہین اور محنتی طلبہ کی محنت اور امیدوں پر پانی پھیر کر ان کا مستقبل تاریک کر دیا،جبکہ رزلٹ سننے کے بعد کئی طلبہ روتے ہوئے بھی نظر آئے، کورونا وائرس کی شدت میں کمی کے بعد ایس او پیز کے ساتھ 6ماہ بعد تعلیمی ادارے تو کھل گئے مگر سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے غریب طلباء و طالبات نتائج میں تاخیر کے باعث فرسٹ ایئر اور تھرڈ ایئر میں داخلے نہیں لے سکے،کورونا کو جواز بنا کر ناقص مارکنگ کے ذریعے جہاں محنتی اور قابل طلبہ کو رعایتی نمبروں کے ساتھ پاس کیا گیا وہاں ایسی مثالیں بھی سامنے آئیں جب امتحان میں نہ بیٹھنے والے طلبہ کو بھی پاس کر دیا گیا،تعلیمی ماہرین کے مطابق پہلے امتحانی بورڈز کی پالیسی ہوتی تھی کہ پرچوں کی چیکنگ سرکاری کالجز کے تجربہ کار اساتذہ ہی کر سکتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہوتا، پرچوں کی چیکنگ کے لئے سنٹرل مارکنگ کا نظام ہے جس میں پیپر چیکرز بورڈ کی متعین کردہ جگہ پر آکر پیپر مارک کر سکتے ہیں، اب ہوتا یہ ہے کہ پرچوں کی چیکنگ کے عوض ملنے والا معاوضہ انتہائی کم ہونے کے باعث سرکاری کالجز کے اکثر اساتذہ اس کام سے انکار کر دیتے ہیں جس کا فائدہ بورڈ کے افسران اٹھاتے ہیں اور پرائیویٹ کالجز کے نہ تجربہ کار اساتذہ کو اس کام کے لئے رکھ لیا جاتا ہے، اس بار بھی ایسا ہی ہوا،تعلیمی ذرائع کے مطابق قریباً تمام امتحانی بورڈز میں پرچوں کی چیکنگ پرائیویٹ کالجز کے ناتجربہ کار اور نان کوالیفائیڈ ٹیچروں سے کروائی گئی، ان نجی کالجز کے انتہائی کم تنخواہوں اور مراعات کے بغیر کام کرنے پر مجبور اساتذہ چار پیسے زیادہ کمانے کے لئے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پیپر چیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں، بنڈلز کے ریٹ لگتے ہیں،مقابلے بازی ہوتی ہے کہ کون کم وقت میں زیادہ پیپر چیک کرتا ہے، امتحانی فیسوں، ری چیکنگ اور اسناد کی مد میں سالانہ کروڑوں روپیہ اکٹھا کرنے والے تعلیمی بورڈز کی بھی یہ کوشش ہوتی ہے کہ کم سے کم پیسہ خرچ ہو، تعلیمی بجٹ انتہائی کم ہونے کے باعث یہ تعلیمی بورڈز اپنے معاملات چلانے کے لئے سارا پیسہ طلبہ سے اکٹھا کرتے ہیں جس سے بورڈز ملازمین کی تنخواہوں سے لے کر بورڈ افسران کی پرتعیش مراعات کا سامان کیا جاتا ہے، سال بھر محنت کرنے کے بعدبھی جب محنت کا ثمر نہ ملے تو ایک طرف جہاں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہیں والدین اور معاشرے کے دیگر لوگوں کی تنقید کا نشانہ بھی بننا پڑتا ہے، اکثر طلبہ تو امتحانی نتائج سے مایوس ہو کر تعلیم کو ہی خیرآباد کہہ دیتے ہیں یا مالی مشکلات کا شکار والدین ان کو پڑھائی سے ہٹا کر کسی کام دھندے پر لگا دیتے ہیں، بورڈ امتحانات کے نتائج کی بنیاد پر ہی یونیورسٹیوں کا میرٹ بنتا ہے، وہ نوجوان جو حالیہ نتائج آنے سے پہلے تک ڈاکٹر اور انجینئر بننے کے خواب دیکھ رہے تھے، ان نتائج کے بعد بالکل مایوس ہوچکے ہیں اور یہ مایوسی ان کو کسی بھی طرف لے کر جاسکتی ہے۔

پوزیشن

 وزیراعظم عمران خان کا یونائیٹڈ کونسل 

اجلاس میں خطاب تاریخی‘ مثالی‘ اورنگزیب 

خان‘ رائے ظہور احمد‘ اعجاز سلطان بندیشہ

 نور خان بھابھہ‘ ریاض قہم اور دیگر کا ردعمل

 وہاڑی (بیورورپوٹ،نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی،ارکان صوبائی اسمبلی رائے ظہور احمد کھرل،اعجاز سلطان بندیشہ،(بقیہ نمبر2صفحہ 6پر)

جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ اور وزیراعظم شکایات سیل کے ضلعی چیئرمین ریاض قہم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے یونائیٹڈ کونسل کے اجلاس کے خطاب کو ایک مثالی،شاندار،دلیر،محب وطن پاکستانی کا خطاب قرار دیا ایسے لگ رہا تھا جیسے عمران خان نہیں بلکہ 22 کروڑ پاکستانی اور تیسری دنیا کا نمائندہ بول رہا تھا انہوں نے ثابت کیا کہ انہیں تمام اسلامی ممالک میں اگر پسندیدہ ترین شخصیت قرار دیا تھا تو وہ فیصلہ غلط نہیں تھا انہوں نے اپنے خطاب میں پوری دنیا میں ہونے والی ناانصافیوں اور خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کشمیر اور فلسطین میں ہونے والی زیادتیوں کا خاص طور پر ذکر کیا اس خطاب نے اپوزیشن کے اس پراپیگنڈے کا بھی منہ بند کردیا جس میں وہ الزام لگا رہے تھے کہ عمران خان اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کررہے ہیں انہوں نے اپنے خطاب میں بڑے ممالک پر بھی سخت تنقید کی جو تیسری دنیا کے کرپٹ حاکموں اور دوسرے لوگوں کی لوٹی ہوئی دولت کے محافظ بنے ہوئے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسی تمام دولت ان ممالک کو واپس کی جائے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو ان ممالک کے درمیان ایک خلیج پیدا ہوجائے گی انہوں نے مطالبہ کیا کہ کورونا کی وجہ سے لی گئی قرض کی واپسی کی مدت بڑھائی جائے یہ بات قابل ذکر ہے کہ عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پسند کیا ہے۔

ردعمل

 خان گڑھ: بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ 

کی 17 ویں برسی میں سیاسی‘ سماجی شخصیات 

کی شرکت‘ مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین

مظفرگڑھ+ خان گڑھ (نمائندہ پاکستان‘ نامہ نگار) بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کی 17 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی، مرکزی تقریب (بقیہ نمبر5صفحہ 6پر)

ہفتہ کی شام خان گڑھ میں منعقد ہوئی،جس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اور سینئر سیاستدان نواب زادہ منصور احمد خان نے کہا کہ نصر اللہ خان نے زندگی بھر عوام کی بات کی، ان کے جمہوری حقوق کی بحالی کی بات کی، جبکہ بحالی جمہوریت کے لئے گرنقدر خدمات سر انجام دیں کہ ایک زمانہ ان کا معترف ہے،وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، اپوزیشن کیا ہوتی ہے یہ انہوں نے باور اور اس کا عوام کو ادراک کرایا،دعائیہ تقریب میں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان، رکن صوبائی اسمبلی سردار عون حمید ڈوگر، نوابزادہ محمد احمد خان، چیئرمین پنجاب وکلاء  محاذ رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ، نوابزادہ محمد بلال خان، نوابزادہ عمران خان، نواب زادہ عدنان خان، سابق تحصیل ناظم نوابزادہ اسرار احمد خان، جام امجد علی پونٹہ، معین اللہ خان شیروانی،رائے شبیر احمد ڈاھا، وزیر علی چانڈیہ، ملک نعیم احمد لنگڑیال، نوابزادہ سیف اللہ خان، ملک نزیر سندیلہ، سیف اللہ خان  لوہانی، ملک رضوان الرحمن،مہر راشد نصیر سیال، ہیڈماسٹر رانا فرزند علی، رانا واجد علی ایڈووکیٹ، رانا سہیل فرزند، کریم بخش فوجی،راشد اللہ خان لوہانی، یعقوب خان لودھی، ڈاکٹر مجید شاہ جمالی، مہر غلام نبی جانگلہ،شیخ محمد فرحان، نواب وقاص ہمایوں خان، سمیت کارکنوں اور ہر مکتب فکر کے نمائندہ افراد کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی، دعا معروف عالم دین مولانا محمد دلاور نے کرائی، 

برسی

 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وہاڑی 

سلیمان بیگ کا جیل کا دورہ

وہاڑی (بیورورپوٹ،نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وہاڑی سلیمان بیگ نے سول جج وہاڑی نعیم بخش، پروبیشن آفیسر سید محمد ایوب، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر وہاڑی طارق جاوید کے ہمراہ ڈسٹرکٹ (بقیہ نمبر7صفحہ 6پر)

جیل وہاڑی کا دورہ کیا اور جیل کی مختلف بارکوں کا وزٹ کیا اور اسیران کے مسائل سنے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وہاڑی سلیمان بیگ نے اس موقع پر کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی میں قیدیوں کے حقوق پر خصو صی توجہ دی جا رہی ہے جیل انتظامیہ قیدیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر نے کیلئے کوشاں ہے جیل میں صفائی ستھرائی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے اس موقع پر سپرنٹنڈ نٹ جیل ندیم فضل، ڈپٹی سپرنٹنڈ نٹ رضوان سعید اور دیگر افسران و اہلکاران بھی موجود تھے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلیمان بیگ نے اس موقع پر12اسیران کو ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ 

حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے‘ فخر امام 

 کبیروالا(نامہ نگار) ملکی معیشت میں ”زراعت“ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے،زرعی ترقی کیلئے صوبوں میں ہم آہنگی پیدا اور رابطوں کو بہتر کرنا ہوگا،زرعی معیشت کی ترقی کیلئے خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان عوام کے لئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کی طرف بھر توجہ دے رہے ہے،حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کسانوں کی (بقیہ نمبر3صفحہ 6پر)

سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور چاروں صوبوں کی حمایت سے وفاقی حکومت جلد ہی گندم کی کم سے کم قیمت کی اعلان کرے گی،وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک وتحقیق سید فخر امام نے ممبر امن کمیٹی تحصیل کبیروالا ڈاکٹرمحبوب حسین بھٹی اورمعروف بینکر ناصر محمود کگھڑ سے ملاقات کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کو فروغ دینے، گندم کی پیداوار بڑھانے اور کسانوں کی مالی حالت کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سید فخرامام نے زراعت اور دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی زیر قیادت حکومت گندم کی پیداوار بڑھانے کے لئے چینی بیج ریسرچ ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے اور حکومت کاشتکاروں کو مختلف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے لئے مصدقہ بیج فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کی بہتر حکمت عملیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا، زمین اور پانی کے انتظام جیسے امور کو بھی ترجیحی طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گندم کے معیاری بیجوں کا جائزہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے لئے کسان کو دینے کی کوشش کریں گے، موجودہ حکومت زراعت کے شعبے کی پائیدار ترقی پر بھی توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں کاشتکاری برادری کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں اور اس سے وابستہ محکمے ملک میں اشیاء کی آسانی سے فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بڑی تعداد میں ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں جس کے باعث مصنوعی قلت پیدا کرتے ہیں اور قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔اس موقع پر محمد ندیم خان سیال،ملک محسن اقبال اعوان،راؤ آصف سعیدی،قیصر عباس بھٹی،حفیظ سعیدی،مہر عمران محمود اُترا،رانا ماجد مصطفےٰ،محمد رفیق بھٹہ،چوہدری آصف صدیق اور دیگر بھی موجودتھے۔

فخر امام

کرپشن‘ ملزموں سے سازباز‘ 11 پولیس اہلکار نوکری سے فارغ 

مظفرگڑھ(نامہ نگار)مظفرگڑھ میں اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن، ملزمان کی پشت پناہی پر سب انسپکٹر، اے ایس آئی، حوالدار سمیت 11 پولیس اہلکار نوکری سے برخاست، دیگر کو مختلف سزائیں دیدی گئیں‘ تفصیل کے مطابق ڈی پی او محمد حسن اقبال نے (بقیہ نمبر4صفحہ 6پر)

مظفرگڑھ تعینات ہونے کے بعد پہلے اردل روم کا انعقاد کیا جہاں ڈی پی او نے ملازمین کو دیئے گئے شوکاز، چارج شیٹس اور ان سے الزامات کے جوابات خود سماعت کیئے، غیر تسلی بخش جوابات اور الزامات ثابت ہونے پر سزائیں دیں، دو سب انسپکٹرز، 3 اے ایس آئیز، ایک حوالدار اور 5 کنسٹیبلز  کو سنگین الزامات ثابت ہونے پر نوکری سے برخاست کردیا، 1 انسپکٹر، 9 سب انسپکٹرز، 2 اے ایس آئیز اور 8 کنسٹیبلز کی سروس ضبطگی کی سزائیں ملیں، جبکہ ناقص تفتیش، غفلت و لاپروائی کے مرتکب 31 پولیس افسران و ملازمین کو سینشور، ریڈکشن ان پے اور وارننگز کی سزائیں دیں، ڈی پی او محمد حسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہر گز اجازت نہیں دینگے کہ پولیس افسران شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کریں، شہریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی اور اس میں رکاوٹ یا تاخیر کا باعث بننے والے پولیس اہلکاران کو سخت محکمانہ سزائیں دی جائینگی۔

فارغ

جام پور: غیر قانونی کالونیاں‘ مالکان کیخلاف ایکشن کا فیصلہ‘ مراسلہ روانہ 

جام پور (نامہ نگار) جام پور میں ہزاروں غیر قانونی کالونیاں اور ٹاون قائم ہوگئی‘ ٹی ایم اے میں رجسٹریشن نہ کرکے لوگوں کو بھاری رقوم کے عوض پلاٹ فروخت کئے گئے‘ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے حکم پر ٹی ایم او جام پور نے سابق ناظم بستی رندان شریف لنڈ سمیت بارہ مالکان (بقیہ نمبر6صفحہ 6پر)

کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق جام پور میں عرصہ دراز سے بااثر لوگ غیر قانونی کالونیاں اور ٹاون بنا کرکے بھاری رقوم کے عوض پلاٹ فروخت کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کے حکم پر ٹی ایم او جام پور نے سابق ناظم بستی رندان محمد شریف لُنڈ سمیت بارہ کالونی مالکان کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے ایس ایچ او سٹی جام پور کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ واضع رہے کہ سابق ناظم شریف لُنڈ کے خلاف تیل چوری کے مقدمات بھی ہیں۔ دوسری طرف پلاٹ مالکان نے کاروائی سے بچنے کے لیے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے۔ شہریوں خادم حسین۔ پیر بخش نے ٹی ایم اے جام پور کی طرف کیے گئے اقدامات کر سہراتے ہوئے مافیاکے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

مراسلہ

محکمہ اوقاف: درباروں‘ مساجد‘ امام بارگاہوں 

میں تعینات افراد کی اسناد چیک کرنے کا فیصلہ

خانیوال (بیورونیوز) حکومت نے ملک بھر کے تمام درباروں،مساجد اور امام بارگاہوں میں تعینات امام مسجد، موذنوں (بقیہ نمبر11صفحہ 6پر)

 اور مدارس کے معلموں کی اسناد چیک کرنے کیلئے محکمہ اوقاف کو ہدایات جاری کردی ہیں ذرائع کے مطابق مساجد اور مدارس میں بچوں پر تشدد کے بعد حکومت نے تمام امام مساجد، موذن،ذاکرین کی اسناد کو چیک کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ ان افراد نے کن مدارس سے تعلیم حاصل کی ہے کیا یہ کسی فرقہ واریت میں ملوث تو نہیں ہیں ذرائع کے مطابق اس کا مقصد ملک میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنا اور مدارس میں بچوں پر ہونیوالے مظالم کی روک تھام کرنا ہے۔

چیک

 مسائل میں گھرے چولستان کو علیحدہ 

ضلع بنایا جائے‘ سید ذیشان ختر

بہاول پور(بیورورپورٹ + ڈسٹرکٹ رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا (بقیہ نمبر12صفحہ 6پر)

ہے کہ بہاول پورایک ڈویژن یاعلاقہ کانام نہیں بلکہ ایک تاریخ کانام ہے بہاول پورپاکستان کیلئے ایثاراور قربانی کانام ہے اہل بہاول پور کاپاکستان پربڑا احسان ہے یہ وہ بہاول پور ہے جب پاکستان بن گیا تواس وقت ہندوستان کے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان چنددن بھی نہیں چل سکتا، نہ توان کے پاس وسائل ہیں نہ بیٹھنے کیلئے کرسی ہے تواس وقت نواب آف بہاول پور سرصادق محمدخان عباسی نے کروڑوں روپے جمع کرکے قائداعظم کے حوالے کئے اللہ نے موقع دیا توجاگیرداروں سے انگریزوں کی دی ہوئی زمین واپس لیکر غریبوں میں تقسیم کرینگے۔ اگر جماعت اسلامی کو اللہ نے اقتدار دیا تو ملک میں اللہ اور اسکے رسول کی حکومت بنائیں گے،قائداعظم نے پہلے دن فرمایا تھا پاکستان کا آئین قرآن اور سنت ہوگا۔ پاکستان کوجاگیرداروں نے اپنا کلب بنادیاہے۔باپ، اسکے بعد انکے بیٹے بیٹیاں،جمہوری جماعت صرف جماعت اسلامی ہے، ہرپانچ سال بعد الیکشن ہوتاہے، ہرچار سال بعد صوبائی الیکشن ہوتاہے۔انہوں نے مذید کہا کہ بہاولپورایک کردار اور پاکستان کیلئے ایثار اورقربانی کانام ہے۔ نواب آف بہاولپورسعودی عرب کو بھی رقم بھیجتے تھے تاکہ وہ حجاج کی خدمت کریں، قیام پاکستان کے وقت بہاولپورکے نواب نے قائداعظم کوکروڑوں روپے، دفاتر کیلئے جگہ اور مہاجرین کو جگہ فراہم کی۔ بہاولپورکاپوری قوم پر قرض ہے اور انشاء اللہ اگر ہمیں موقع ملا تو ہم بہاولپورکے احسانوں کابدلہ چکائیں گے۔ چولستان میں ٹوبوں میں،بھینس، بکریاں، کتے اور یگرجانور بھی پانی پیتے ہیں اور بہن بیٹیاں بھی وہیں سے پانی پیتی ہیں، چولستان کے لوگوں کی پریشانی کومدنظر رکھتے ہوئے چولستان کو علیحدہ ضلع بنایاجائے۔

ذیشان اختر

 مانع حمل ڈے‘ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر 

آفس ملتان میں آگاہی سیمینار‘ فیملی 

پلاننگ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت

 ملتان (وقا ئع نگار)  26 ستمبر عالمی یوم مانع حمل (World Contraception Day) کے طور پر منایا جاتا ہے -(بقیہ نمبر13صفحہ 6پر)

 اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس ملتان کے زیر اہتمام تحصیل کمپلیکس ملتان میں ہر سال کی طرح مانع حمل ڈے منایا گیا - موقع کی مناسبت سے ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا سیمینار میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر مظہر اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ان کے ساتھ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملک محمد حسن موجود تھے- علاوہ ازیں تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ز شیخ حماد دلاور۔ حارث عمران۔ میدیکل آفیسر فیملی ھیلتھ کلینک سول ہسپتال ملتان ڈاکٹر فرخندہ اسلم۔ ڈاکٹر عائشہ منیر۔ اور فیلڈ سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ڈاکٹر فرخندہ اسلم نے شرکاء کو مانع حمل ادویات کے فوائد اور طریقوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا مظہر اقبال ڈسٹرکٹ آفیسر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہر سال منایا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں میں فیملی پلاننگ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور ان کو مانع حمل طریقوں کے بارے میں بتانا ہے انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں ابادی کا اہم کردار رہا ہے کیونکہ ابادی کو دیکھ کر ہی بجٹ بنایا جاتا ہے اور صحت کی سہولیات دی جاتی ھیں مزید انھوں نے کہا کہ ھمارے فیلڈ سٹاف بہت اچھے طریقے اور ایمانداری سے اپنا کام کر رہے ہیں جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ شرکاء  میں ماسک اور جوس تقسیم کیے گئے۔

مانع حمل ڈے

 معاشی ترقی‘ قومی خوشحالی کیلئے قانون پر عمل 

کرنا بہت ضروری‘ سینئر سول جج مدثر سندھو

 کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)سینئر سول جج مدثر حسین سندھو نے کہا ہے کہ منظم او رمثالی معاشرہ قانون کی حکمرانی اور عدل (بقیہ نمبر18صفحہ 6پر)

و انصاف سے ہی وجود میں آسکتا ہے، معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کیلئے قانون پر عمل کرنا بہت ضروری ہے یہ بات انہوں نے انصاف تک رسائی کے پروگرام میں تربیت حاصل کرنے والے افراد میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ضلعی عدالتیں اپنی بھر پور صلاحیتوں کے ساتھ انصاف کی فراہمی کے لئے کام کررہی ہیں، تاہم ریاست کے دیگر اداروں پولیس، پراسیکیوشن اور بالخصوص عام شہریوں کو بھی اپنی حقوق و فرائض سے مکمل آگاہی ہونے چاہیے، انہوں نے کہا کہ سب شراکت دار مل کر باہمی تعاون اور کوشش سے مظلوم طبقہ کی داد رسی کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں سابق بیورو کریٹ و دانشور ایڈووکیٹ ملک خیر محمد بدھ نے بتایا کہ 2روزہ تربیتی سیشن میں ضلع کی 8یونین کونسلوں سے 40تعلیم یافتہ افراد کو مختلف قوانین کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی ہے۔ ایس پی او کے علاقائی سربراہ شاہ نواز خان نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ دو روزہ تربیتی سیشن میں ڈی ایس پی لیگل، منیجر خواتین سنٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بھی لیکچر دئیے۔ بعد ازاں سینئر سول جج مدثر حسین سندھو اور محمد عرفان نے تربیت حاصل کرنے والے افراد میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔

مدثر سندھو

کالے یرقان سے متاثرہ نوجوان جاں بحق

  رحیم یار خان (نمائندہ پاکستان)کالے یرقان میں مبتلا 25 سالہ شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق جام(بقیہ نمبر19صفحہ 6پر)

 پور کا رہائشی 25 سالہ جام لودھر کو کالے یرقان میں مبتلا ہونے پر ورثاء نے طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد کے باوجود وہ جانبر نہ ہو پایا اور دم توڑ گیا۔

جاں بحق

 مظفر گڑھ: گھر سے فرار ہونیوالی شادی شدہ 

خاتون فحاشی اڈے سے برآمد‘ کارروائی شروع

مظفرگڑھ(نامہ نگار)پولیس تھانہ سول لائن مظفرگڑھ نے گھر سے فرار ہونے والی شادی شدہ خاتون فرزانہ کو خانپور بگاشیر(بقیہ نمبر20صفحہ 6پر)

 کے علاقہ میں واقع ایک اڈے سے برآمد کر لیا ہے، جسے دارالامان بھجوا دیا، پولیس نے خاتون کو مظفرگڑھ کے رہائشی اس کے شوہر یسین قریشی کی درخواست پر کارروائی کی، خاتون ڈیڑھ ماہ سے گھر سے غائب تھی۔

برآمد

مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ‘ 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ 

 ملتان (نیوز رپورٹر) ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق24ستمبر2020ء کواختتام پذیر ہونے والے ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح 8.86فیصدجبکہ گزشتہ ہفتہ(بقیہ نمبر10صفحہ 6پر)

 کے مقابلہ میں یہ شرح 0.32فیصد زائد رہی ہے۔ ملک کے 17بڑے شہروں سے 51اشیاء کی قیمتوں کاتقابلی جائزہ لیاگیا جس میں سے22اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ8اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔اس ہفتہ کے دوران ملک ٹماٹر،انڈہ(فارمی)، انرجی سیور، ویجیٹیبل گھی،دال ماش،گڑ،چائیکاکپ،پیاز،کوکنگ آئل،دال مسور،دال چنا،مٹن، آٹا،چینی،واشنگ سوپ،گھی(کھلا)،بیف،دہی،بیف پلیٹ،چاول باسمتی(ٹوٹا)، دال پلیٹ اورخوردنی تیل کی قیمتوں میں اضا فہ چکن(زندہ)،دال مونگ، آلو،  چاول اری6/9، ایل پی جی(سلنڈر)،لہسن،الیکٹرک چارجز، کیلاکی قیمتوں میں کمی جبکہ جارجٹ،دودھ(تازہ)، آگ جلانے والی لکڑی،خشک دودھ،صابن،ماچس، ڈبل روٹی،سگریٹ، لان(کپڑا)،موٹالٹھا،نمک، سرخ مرچ(پسی ہوئی)، ھائی سپیڈ ڈیزل، پیٹرول،چائے،گندم، مٹی کا تیل،سینڈل،چپل،گیس چارجز،لوکل کال کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

اضافہ

گگو منڈی: 14 سالہ طالبہ اغواء‘ مقدمہ درج

گگو منڈی(نامہ نگار)سکول جانے والی 14سالہ طالبہ راستے سے غائب نا معلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج (بقیہ نمبر9صفحہ 6پر)

کر لیا گیا تفصیلات کے مطابق چک نمبر247۔ای بی کے رہائشی شیر محمد کی 14سالہ بیٹی (ک)صبح ساڑھے نو بجے سکول جانے کے لیے گھر سے ویگن میں سوار ہوئی لیکن چھٹی کے بعد واپس گھر نہ پہنچی والدین نے ویگن کے عملہ سے دریافت کیا تو ان کا موقف تھا کہ انہوں نے (ک) کو سکول کے باہر گاڑی سے اتار دیا تھا طالبہ کے والد شیر محمد نے کہا ہے کہ اس کی بیٹی کو نا معلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے پولیس نے مقدمہ درج کر کے مغویہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔

طالبہ اغوا

جتوئی: میڈیکل سٹورز پر نشہ آور میڈیسن‘ انجکشن کی بلیک میں فروخت 

جتوئی (نمائندہ پاکستان) جتوئی شہر میں نان کوالیفائیڈ میڈیکل سٹورز والے نشہ آور ادویات اور انجکشن مہنگے ترین داموں فروخت کرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق جتوئی  شہر اور مضافاتی علاقوں میں نان کوالیفائیڈ میڈیکل اسٹور والے عارضی ڈاکٹر اور ڈسپنسر بن چکے ہیں (بقیہ نمبر14صفحہ 6پر)

 نشہ آور ادویات بھی بے خوف خطر مہنگے داموں میں فروخت کرنے میں مصروف عمل ہیں اِن نان کوالیفائیڈ میڈیکل سٹورز والوں کی نشہ آور ادویات اور انجکشن فروخت کرنے کی وجہ سے لاتعداد ماؤں کے لال نوجوانی میں لقمہ اجل بن چکے ہیں ادوایات خریدنے آنے والے مریضوں کو دوسری کمپنی کی ادویات دی جاتی ہیں اور کہا جاتا ہے فارمولا وہی ہے جس کی وجہ سے لاتعداد مریضوں کو ریکشن ہونے کی وجہ سے موت اور زندگی کے جھولے میں جھولنا پڑا شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے لاکھوں روپے ماہانہ ملنے کی وجہ سے ڈرگ انسپکٹرز سمیت چھوٹے بڑے تمام افسران روپوں کی دھنک کے آگے خاموش تماشائی بنے پڑے ہیں شہریوں نے  وزیر صحت سیکرٹری ہیلتھ سے ہنگامی بنیادوں پر اِس کا نوٹس لیا جائے۔

؎فروخت

دو افراد کی بچے سے بدفعلی‘ ویڈیو وائر ل‘ پولیس آپریشن کے بعد ملزم گرفتار 

 نورپورنورنگا (نامہ نگار)دو افراد نے 12سالہ لڑکے سے مبینہ بد فعلی کرکے ویڈیو بنالی،ویڈیو وائرل ہوتے ہی انچارج چوکی نورپورنورنگا نے متاثرہ لڑکے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر دیا۔ تفصیل(بقیہ نمبر16صفحہ 6پر)

 کے مطابق نورپورنورنگا کے نواحی علاقے واہی حسین کے دو افرادسلمان ولد الطاف اور نعیم ولد عاشق نے 12 سالہ لڑکے اسد عرف اجاکوورغلاتے ہوئے کماد کے کھیت میں لے جاکر مبینہ بدفعلی کا نشانہ بنا ڈالا،بدفعلی کے دوران دونوں ملزمان لڑکے کی ویڈیو بناتے رہیئے، بات کھلنے پر معززین علاقہ نے صلح کی کوشش کی،جبکہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مقامی زمیندار نے ملزمان سے مدعی کے نام پر 80000روپے وصول کیئے جس میں سے محض 20000روپے مدعی کو دینے کی کوشش کی اور اسی رقم میں مدعی کو راضی کرنے کی کوشش کی،مدعی کے راضی نہ ہونے اور بات کھلنے پر کسی شخص نے ویڈیو وائرل کردی ہے،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر انچارج چوکی نورپورنورنگا چوہدری محمد شبیر نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 410/20زیر دفعہ377,292کیتحت  متاثرہ لڑکے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

وائرل

 خاتون سے گن پوائنٹ پر بداخلاقی

 میلسی (تحصیل رپورٹر) تھانہ سٹی میلسی کی حدود میں خاتون سے گن پوائنٹ پر مبینہ بداخلاقی کی گئی‘ پولیس کی مبینہ ملی (بقیہ نمبر15صفحہ 6پر)

بھگت سے ملزم گرفتار نہ ہو سکا۔میلسی کے محلہ ہری پورہ کی رہائشی 38 سالہ خاتون عذرا بی بی نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اپنے گھر میں دو چھوٹے بچوں کے ساتھ موجود تھی کہ اس دوران ملزم احمد دیوار پھلانگ کر گھر میں گھس آیا اور گن پوائنٹ پر بداخلاقی کی میڈیکل رپورٹ میں بداخلاقی ثابت ہونے کے باوجود پولیس ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی جبکہ میں نے پولیس سے مایوس ہو کر انصاف کی فراہمی کے لیے قانون دان قیصر ممتاز خیرپوری کے توسط سے عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے متاثرہ خاتون نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے نوٹس لیتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انکار

ڈیرہ: ارکان اسمبلی کی کمشنر‘ آر پی او سے ملاقاتیں‘ مسائل پر گفتگو 

 ڈیرہ غازی خان (ڈسٹرکٹ بیورورپورٹ+ سٹی رپورٹر +نمائندہ خصوصی) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن ساجد ظفرڈال سے مشیر صحت محمد حنیف پتافی، ایڈوائزر عبدالحئی دستی اور راجن پور کے ایم پی اے فاروق امان اللہ نے ملاقات کی. اراکین اسمبلی نے کمشنر سے ترقیاتی منصوبوں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا. ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں عوامی مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنے (بقیہ نمبر17صفحہ 6پر)

کا فیصلہ کیاگیا. کمشنرنے کہاکہ ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جارہا ہے. چاروں اضلاع میں کام کی رفتار کے ساتھ معیار پر نظر رکھی جارہی ہے. تمام تعمیراتی کمپنیوں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا. منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر متعلقہ محکمے براہ راست ذمہ دار ہوں گے. منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے متعلقہ رکن اسمبلی کو بھی آگاہ کیاجائے گا. کمشنر نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں عوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے اراکین اسمبلی کا تعاون ناگزیر ہے. مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں چاہ نجابت والا بوائزڈگری کالج کی منظوری عوام کیلئے علم کا تحفہ ہے. کالج کا تعمیراتی کام جلد شروع کرایا جائے۔ جبکہ مشیر صحت محمد حنیف پتافی اور مظفرگڑھ کے ایم پی اے عبدالحئی دستی نے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان محمد فیصل رانا سے ان کے آفس میں ملاقات کی. اراکین اسمبلی نے ریجن میں امن و امان اور متعلقہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا. مشیر صحت نے ڈی جی خان میں موٹر سائیکل ڈکیتیوں کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے موثر گشت کے ساتھ اہم مارکیٹوں میں خفیہ کیمروں کی تنصیب کے معاملات پر بات چیت کی. انہوں نے کہاکہ خفیہ کیمرے کے ریکارڈ سے واردات کرنے والے بے نقاب ہو سکتے ہیں تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے کر حکمت عملی بنائی جائے. انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی ایس او پیز اور محرم الحرام کے دوران قواعد و ضوابط کی پاسداری میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا. آر پی او نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسانی جان اور املاک کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے. قیام امن او رانصاف کیلئے اراکین اسمبلی کا مثالی تعاون رہا ہے۔ ادھر مشیر وزیر اعلی پنجاب و چیئرمین پی ایچ اے ڈیرہ غازیخان محمد حنیف پتافی نے جناح فیملی پارک سمیت مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا. ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر عابد محمود، چیف آفیسر کارپوریشن افتخار لغاری، ایم او انفراسٹرکچر ذوالفقار شاہ اوردیگر ہمراہ تھے. مشیر وزیر اعلی محمد حنیف پتافی نے جناح پارک کی بحالی کے کام کاجائزہ لیا. اس موقع پر بتایاگیا کہ پارک کو شہریوں کیلئے کھول دیاگیاہے. مشیر صحت نے کہا کہ شہر میں سیوریج لائن کی تبدیلی مرحلہ وار شروع کردی گئی ہے. انہوں نے گدائی میں قبرستان والی سیوریج لائن کی فوری تبدیلی کے احکامات جاری کیے. مشیر صحت نے گدائی کی مختلف گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور رکن آباد میں سیوریج مسائل کا جائزہ لیا اور کارپوریشن کو علاقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

گفتگو

پانی کی بچت، جنوبی پنجاب کو رول ماڈل بنانے کا فیصلہ 

 ملتان (سپیشل رپورٹر) جنوبی پنجاب کو پانی کی بچت کی سکیموں کے لحاظ سے رول ماڈل بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں آبپاش پانی کے موثر، باکفایت اور(بقیہ نمبر23صفحہ 6پر)

 منصفانہ استعمال کیلئے ہائی ایفیشنسی اریگیشن سسٹم کو فروغ دیا جارہا ہے۔اس کے تحت جنوبی پنجاب کو رول ماڈل بنایاجائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ سولر نظام آبپاشی صرف ہائی ایفیشنسی اریگیشن سسٹم کو چلانے کیلئے استعمال کیا جائے نہ کہ ٹیوب ویل چلائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پکے کھالوں کی تعمیر، زیادہ استعداد کار کے حامل نظام آبپاشی اور لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم کے مقرر کردہ اہداف بروقت مکمل کیے جائیں اور حکومت پنجاب کے تحت سبسڈی پر نصب کیے جانے والے ڈرپ و سپرنکلر کے پرانے اور بند نظام آبپاشی کو بحال اور آپریشنل کیا جائے۔انہوں نے  جنوبی پنجاب میں زیادہ استعداد کار کے حامل نظام آبپاشی کی  تمام بند سائٹس  کی فہرستیں تیار کرنے  اور بند ہونے کی وجوہات اور دوبارہ بحالی کیلئے ٹیکنیکل سفارشات پر مبنی رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 ملتان: شہری قتل‘ پولیس کیخلاف مقدمہ درج

ملتان (وقا ئع نگار) پولیس نے شہری کو خنجروں کے وار کرکے قتل کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ (بقیہ نمبر22صفحہ 6پر)

درج کرلیاہے۔تفصیل کے مطابق لوہاری گیٹ پولیس کو غلام یسین نے بتایا کہ میرا بھائی شکور احمد دوماہ سے توکل ہوٹل ریواڑی محلہ رشیدہ آباد میں روٹیاں تندور پر لگاتا تھا جس نے ملزم نعیم کو کچھ رقم ادھار پر دی ہوئی تھی ملزم بطور ہیلپر کام کرتا تھا جب بھی میرا بھائی اپنی رقم کا تقاضہ کرتا تو ملزم قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا،ملتان میں غوث بہاوالدین سرکار کے میلہ پر آیا ہواتھا جب رات گئے اپنے بھائی کے پاس پہنچے تو چیخ و پکار کی آواز سن کر کمرے میں گئے جہاں ملزم نعیم خنجروں کے وار کرکے میرے بھائی کو زخمی کررہاتھا جو ہمیں آتا دیکھ کر فرار ہوگیا،میرا بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

مقدمہ درج

 گھریلو جھگڑے: خاتون کی کالا پتھر پی کر خود کشی

رحیم یار خان (نمائندہ پاکستان) گھریلو جھگڑوں اور مالی پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوکر 17 سالہ خاتون نے کالاپتھر (بقیہ نمبر21صفحہ 6پر)

پی کرخودکشی کرلی‘ تفصیل کے مطابق راجن پور کی رہائشی 17 سالہ شاہینہ بی بی نے آئے روز کے گھریلو جھگڑوں اور مالی پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوکر کالا پتھر پانی میں گھول کر پی لیا‘ حالت غیر ہونے پرورثاء  نے طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد کے باوجود وہ جانبر نہ ہو پائی اور دم توڑگئی جبکہ اقدام خودکشی کرنے والے 3 افراد چوک بہادر پور کی 15 سالہ رابعہ بی بی‘ رکن پور کی 15 سالہ رخسانہ بی بی اور میانوالی قریشیاں کی 18 سالہ فرزانہ بی بی کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

کالا پتھر

مزید :

ملتان صفحہ آخر -