نواز شریف کا ہر لفظ پارٹی کیلئے مقدم، وژن کو سیاسی ڈاکٹرائن سمجھتے ہیں: احسن اقبال 

نواز شریف کا ہر لفظ پارٹی کیلئے مقدم، وژن کو سیاسی ڈاکٹرائن سمجھتے ہیں: احسن ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ہر لفظ، ہر جملہ پارٹی کیلئے مقدم ہے، اے پی سی کے بعد حکومتی ایوانوں میں زلزلہ بپا ہے، سابق وزیراعظم کے وژن کو سیاسی ڈاکٹرائن سمجھتے ہیں، اے پی سی کے بعد اپوزیشن کی آواز کو دھمکیوں سے دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان مسلم لگ نون کے رہنما احسن اقبال نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا 4 سال میں (ن) لیگ نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی بنا کر ورلڈ ریکارڈ بنایا، سی پیک منصوبوں کے ذریعے پاکستانی تاریخ میں ریکارڈ بنایا، (ن) لیگ کے دور میں معاشی ترقی 6 فیصد تک پہنچ گئی تھی، آج ہم جنوبی ایشیا کی کمزور ترین معیشت بن گئے ہیں، پاکستان کو آج سنگین خطرات کا سامنا ہے، اب معاشی ترقی منفی ہوگئی ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا (ن) لیگ کیخلاف نیب گردی کی نئی لہر برپا کر دی گئی، بد گمانی پھیلانے والے شر انگیزی سے کام لے رہے ہیں، وزرا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وزرا اپنے بیانات سے بحران کو جنم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو آ رٹی ایس سسٹم کے ذریعے کامیاب کرایا گیا، اپوزیشن کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا، جادو منتر سے پی ٹی آئی اقتدار میں آئی۔لیگی رہنما نے مزید کہا حکومت سارا زور کردار کشی پر صرف کر رہی ہے، وسیم اکرم پلس کو ریورس سوئنگ تو نہیں آئی مگر پنجاب کی ترقی کو ریورس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت گلگت بلتستان کے الیکشن میں پری پول دھاندلی کرنا چاہتی ہے، حکومت من پسند افراد کو لانے کیلئے اپوزیشن کے ہاتھ پاؤں باندھنا چاہتی ہے۔

احسن اقبال

مزید :

پشاورصفحہ آخر -