تحریک انصاف کے مقامی رہنما کا خاتون پوسٹ ماسٹر پر مبینہ تشدد
ساہیوال(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما نوید اسلم نے سینئر پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنادیا۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق سینئرخاتون پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم نے الزام عائد کیا کہ نویداسلم نے 24 ستمبر کو نوید اسلم نے دفتر آکرتھپڑ مارے، میرے اسٹاف نے مجھے بچایا اور نوید اسلم کو آفس سے باہر نکالا۔
انہوں نے کہا کہ نوید اسلم نے مجھ پر آفس میں حملہ کر کے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا لیکن پولیس نے مقدمے میں درست دفعات نہیں لگائیں جس کا ملزم کو فائدہ ہوا اور وہ گرفتاری کے اگلے ہی روز ضمانت کے بعد آرام سے گھر بیٹھا ہے۔خاتون نے الزام لگایا کہ نوید اسلم دندناتے کہہ رہا تھا کوئی میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، جب کہ ایف آئی آر میں قابل ضمانت دفعات شامل کی گئیں، ملزم کے پاس اسلحہ تھا لیکن مقدمے میں جان سے مارنے کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔صوفیہ قاسم نے الزام عائد کیا کہ نوید اسلم نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے ضمانت حاصل کرلی۔