بورے والا کو ضلع بناؤ تحریک کا انوکھا احتجاج، بچے بڑے سب یوگا کرتے رہے

بورے والا کو ضلع بناؤ تحریک کا انوکھا احتجاج، بچے بڑے سب یوگا کرتے رہے
بورے والا کو ضلع بناؤ تحریک کا انوکھا احتجاج، بچے بڑے سب یوگا کرتے رہے

  

بورے والا (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا کو ضلع بنانے کی تحریک زور و شور کے ساتھ جاری ہے، تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے شہر کو ضلع کا درجہ دلانے کیلئے تحریک میں شامل ہورہے ہیں لیکن پاکستان یوگا کونسل نے اس تحریک کو صحتمند رخ دے دیا ہے۔

اتوار کے روز پاکستان یوگا کونسل کے زیر اہتمام گول چوک میں بورے والا کو ضلع بناؤ تحریک کے سلسلے میں انوکھے طرز کا احتجاج ہوا۔ احتجاج کے تمام شرکا کالج روڈ پر یوگا کرتے رہے۔ پاکستان یوگا کونسل کے پیٹرن ان چیف یوگی ریاض کھوکھر نے لوگوں کو یوگا بھی سکھایا اور اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔

اس احتجاج کی خاص بات یہ تھی کہ اس کیلئے نہ تو کوئی سڑک بلاک کی گئی اور نہ ہی حکومت مخالف نعرے بازی کا سہارا لیا گیا ، نہ پولیس کو احتجاج کو قابو میں رکھنے کیلئے ڈیوٹی دینا پڑی اور نہ ہی کوئی توڑ پھوڑ ہوئی۔ سینکڑوں کی تعداد میں افراد یوگا کرتے رہے۔

"احتجاجی یوگا" سے خطاب کرتے ہوئے یوگی ریاض کھوکھر و دیگر مقررین نے کہا کہ وہ پرامن شہری ہیں اور اس وقت تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے جب تک بورے والا کو ضلع کا درجہ نہیں دے دیا جاتا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -وہاڑی -