افغانستان کی کون سی اہم شخصیت پاکستان کے تین روزہ دورے پر آ رہی ہے؟ ترجمان دفتر خارجہ نے اعلان کردیا

افغانستان کی کون سی اہم شخصیت پاکستان کے تین روزہ دورے پر آ رہی ہے؟ ترجمان ...
افغانستان کی کون سی اہم شخصیت پاکستان کے تین روزہ دورے پر آ رہی ہے؟ ترجمان دفتر خارجہ نے اعلان کردیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی قومی مفاہمت کیلئے ہائی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدﷲ عبدﷲ پاکستان کے تین روزہ دورے پر کل (سوموار کے روز) اسلام آباد پہنچیں گے،افغان قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کا حالیہ دورہ پاکستان افغان امن عمل میں پاکستان کے تعاون اور دوطرفہ امورپر مذاکرات کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان قومی مفاہمت کی ہائی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ اہم ارکان سمیت اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے تین روزہ دورے پر کل (سوموار کے روز)اسلام آباد پہنچیں گے،ڈاکٹر عبدﷲ عبدﷲ کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور قریبی روابط کے فروغ میں مددگار ہوگا۔ڈاکٹر عبدﷲ عبدﷲ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے دورے سے افغان امن عمل کے تناظر میں بات چیت، پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور عوامی سطح پر روابط مستحکم بنانے کا موقع ملے گا۔

 ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے ساتھ تقریباً ساٹھ افراد کا وفد بھی پاکستان آئیگا جس میں ان کے مشیر ،کئی وزراء پاکستان کیلئے افغانستان کے خصوصی نمائندے عمر داؤد زئی اور افغان حکومت کے مذاکراتی ٹیم کے سربراہ معصوم ستانکزئی بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ ٹیلیفونک گفتگو میں ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کوپاکستان آنے کی دعوت دی تھی، یہ سر کاری حیثیت میں ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے، اس سے پہلے پاکستان نے ان کو کئی مرتبہ دورے کی دعوت دی تھی تاہم وہ پاکستان نہیں آئے تھے ۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -