"صحت انصاف کارڈ میں اس بیماری کے علاج کو بھی شامل کیا جائے" ڈاکٹرز کے وفد نے وزیر اعظم سے مطالبہ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے ملاقات کی ہے ۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم سے ڈاکٹر فورم کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ڈاکٹر فیصل سلطان ، ڈاکٹر یاسمین راشد بھی شریک تھیں۔
وفد نے وزیراعظم عمران خان سے صحت کارڈ میں دانتوں کی بیماریوں کا علاج بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہیلتھ ریفارمز میں انصاف ڈاکٹر فورم کو کاوشیں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور ان کے کام کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ سسٹم کی بہتری تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے وزیرصحت کو ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔