سعودی عرب نے پاکستانی طلبا کے لیے بڑا اعلان کردیا 

سعودی عرب نے پاکستانی طلبا کے لیے بڑا اعلان کردیا 
سعودی عرب نے پاکستانی طلبا کے لیے بڑا اعلان کردیا 

  

ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سعودی عرب نے چھ سو پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سکالر شپ کے تحت پاکستانی طلبہ ڈپلومہ، بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی لیول کی ڈگری حاصل کرسکیں گے۔

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر نے کہا کہ سکالر شپ 75 فیصد پاکستان اور 25 فیصد سعودی عرب میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے ہے جس کے تحت سعودی عرب کی 25 جامعات میں پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کریں گے۔بلال اکبرکا کہنا تھا کہ ہر یونیورسٹی کا اپنا معیار اور طریقہ کار ہو گا جبکہ طلبا کو یونیورسٹی ویب سائٹ اور آن لائن پورٹل پر درخواست دینا ہو گی۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی طالب علم اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اسکالر شپ میں ہر سال طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا جبکہ اس حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کی شرائط پاکستانی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔بلال اکبر نے کہا کہ اسکالر شپ میں قانون، انجینئر، ایڈمنسٹریشن، معاشیات اور کمپیوٹر سائنس کے مضامین شامل ہیں۔ سعودی عرب کی اسکالر شپ کے لیے مرد وخواتین دونوں درخواست دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈگری پروگرام کے لیے درخواست دینے والوں کی عمریں 17 سے 25 سال کے دوران، ماسٹرز کے لیے 30 سال جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال سے کم ہونی چاہیے۔

پاکستانی سفیر نے یہ بھی کہا کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا کو دوران تعلیم سعودی عرب میں مفت رہائش کی سہولت اور شادی شدہ طلبا کو ابتدائی تین ماہ فرنشنگ الاونس بھی فراہم کیا جائے گا۔بلال اکبر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب آمد اور واپسی کے لیے مفت ایئر ٹکٹ اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں اہل خانہ کے لیے مفت طبی علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کھانے پینے سمیت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے رعایتی نرخ ہوں گے۔ سائنس کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو ماہانہ 900 سعودی ریال جبکہ آرٹس والوں کو 850 سعودی ریال ماہانہ الاونس دیا جائے گا۔

مزید :

عرب دنیا -