پاکستان کے بعد بھارتی روپیہ بھی ڈالر کے سامنے ڈھیر،20سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی روپیہ کے بعد بھارتی روپیہ بھی امریکی ڈالر کے سامنے ڈھیر ہو گیا ہے ، ڈالر نے اونچی جست لگا کر بھارتی روپے کو چت کردیا ہے، مسلسل گراوٹ کا شکار بھارتی روپیہ آج ایک ڈالر کے مقابلے میں 81.30 روپے پر پہنچ گیا ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملکی کرنسی مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور ڈالر 22 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ، اسی طرح پاؤنڈز نے بھی 114.50 روپے پر پہنچ کر بھارتی روپے کو ڈھیر کردیا ہے، ڈالر اور پاؤنڈز کی قیمتوں میں اس تاریخی کمی اور بھارتی روپے کی بے قدری کی وجہ سے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) جز وقتی ریلیف کے لیے ڈالر فروخت کرنے پر مجبور ہوگیا تاہم یہ اقدام ناکافی ثابت ہو رہا ہے۔
ایک طرف تو بھارتی روپے کی قدر کی مسلسل گر رہی ہے لیکن دوسری جانب مودی سرکار جنگی جنون میں مبتلا ہوکر مغربی ممالک سے اسلحہ اور جنگی ساز و سامان کی خریداری کے لیے بڑے بڑے معاہدے کرنے میں مصروف ہے۔
بھارتی روپے کی قدر میں کمی سے ہونے والی مہنگائی کی وجہ سے غریب شہریوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ بیروزگاری کا طوفان الگ تباہی مچارہا ہے جب کہ کورونا اب بھی ایک خطرہ بنا ہوا ہے۔