وفاق نے سیلاب زدگان کیلئے آنے والی امداد میں سے پنجاب کو کچھ نہیں دیا، وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب زدگان کیلئے آنے والی امداد میں سے پنجاب کو کچھ نہیں دیا ، وفاقی حکومت نے پنجاب کے قانونی اور آئینی واجبات روک لئے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد ، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو و دیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے وفاق سے ملنے والی 146 ارب روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کے قانونی و آئینی واجبات روک لئے ، سیلاب زدگان کیلئے آنے والی امداد میں سے پنجاب کو کچھ بھی نہیں دیا گیا، سیلاب متاثرین کے گھر تعمیر کرنے کیلئے وفاق کی جانب سے حصہ تک نہیں دیا گیا، 146 ارب روپے کے واجبات روکے جانے سے ہیلتھ سیکٹر سمیت دیگر پراجیکٹ متاثر ہوں گے ، مریضوں کو مفت ادویات اور سہولیات دینا چاہتے ہیں مگر وفاق کی جانب سے واجبات روکنے سےمسائل ہیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ وفاق سے واجبات نہ ملنے کے باعث ہسپتالوں کی تکمیل کا عمل رک سکتاہے ، پنجاب کے فنڈز دانستہ طور پر روکے گئے ہیں تاکہ صوبہ ترقی نہ ہونے کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہو جائے ۔