دبئی میں مالک اور ملازم کو اغوا ءکرنے اور کمپنی سے تقریباً 2 ملین درہم چرانے پر گینگ کو سزا
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) 8 ملزمان کو ایک کمپنی کے مالک اور اس کے ملازم کو اغوا ءکرنے اور کمپنی سے ایک اعشاریہ نو ملین درہم چوری کرنے کے الزام میں3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
"خلیج ٹائمز "کے مطابق متاثرین میں سے ایک کے بیان کے مطابق، تین مجرم سی آئی ڈی افسران کے بھیس میں کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہوئے۔ انہوں نے مالک سے کمرشل لائسنس مانگا۔ اس نے جواب دیا کہ اس کے ساتھی کے پاس ہے کیونکہ اس کی تجدید کرنی تھی۔ جب مالک نے پارٹنر کو فون کرنے کی کوشش کی تو مجرموں میں سے ایک نے اس کا فون اور کمپنی کی چابیاں چھین لیں۔انہوں نے مالک اور وہاں موجود ایک اور ملازم سے کہا کہ وہ باہر آئیں، جہاں3 کاریں تھیں اور 5 دیگر مجرم موجود تھے۔ انہوں نے متاثرین کو گاڑی میں دھکیل دیا۔ جب متاثرین میں سے ایک نے ان سے پوچھا کہ اسے 'گرفتار' کیوں کیا جا رہا ہے، تو ایک مجرم نے جواب دیا کہ جب وہ پولیس سٹیشن پہنچیں گے تو اسے پتہ چل جائے گا۔
جب متاثرہ نے پانی مانگا تو گینگ اسے انٹرنیشنل سٹی لے گیا اور ایک گروسری سٹور کے سامنے رک گیا تاکہ وہ پانی خرید سکے۔ مجرموں میں سے ایک نے پہلے شکار سے انرجی ڈرنک خریدنے کو کہا اور اسے اپنا فون دے دیا۔ جب وہ گروسری سٹور میں داخل ہوا تو گینگ علاقہ چھوڑ گیا۔ متاثرہ نے اپنے ساتھی کو بلایا اور اسے چیک کرنے کو کہا کہ آیا رقم تو غائب نہیں۔ اس کے ساتھی نے دیکھا کہ 1.9 ملین درہم کمپنی کے سیف سے چوری ہو گئے تھے۔
اس گینگ کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی جس کے بعد ملک بدری ہوگی، اور چوری کی گئی پوری رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا۔ دبئی کورٹ آف اپیل نے اس سزا کو برقرار رکھا۔