کوئی بھی مسلمان حضورؐ کی ولادت کی خوشی منائے بغیر نہیں رہ سکتا، نوید حیدرشیرازی
گوجرانوالہ (بیورورپورٹ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف و ثناء کسی کے بس کی بات نہیں اور جس ہستی پر خود خالق کائنات درود و سلام بھیج رہا ہو ا اس کی بارگاہ میں ہم اپنی محبت اور عقیدت کے اظہار کی صرف جسارت ہی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوشی کا طریقہ اور انداز مختلف ہو سکتا ہے لیکن کو ئی بھی مسلمان آپؐ کی ولادت باسعادت کی خو شیاں منانے سے محروم نہیں رہ سکتا اور ہر سال کی طرح اس بار بھی ڈویژن بھر میں جشن میلاد مصطفی بھرپور جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
جس کے لئے متعلقہ اداروں نے تمام ممکنہ انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ کمشنر گوجرانوالہ نے ان خیالات کا اظہار ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز‘ ڈی پی اوز‘ متعلقہ محکموں کے افسران اور امن کمیٹی کے معزز اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ ڈویژن میں مثالی بین المسالک‘ بھائی چارہ اور ہم آہنگی موجود ہے اور جشن عید میلاد النبی ؐ کے تمام مرکزی جلوسو ں کے روٹس پر صفائی‘ چھڑکاؤ‘ لائٹنگ اور دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے‘ پولیس اور ضلعی انتظامیہ سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
تے ہو ئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلوسوں کے روٹس پر بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور سیکورٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جا ئے گا۔ اجلاس میں شریک مختلف مسالک کے جید علمائے کرام اور معزز ممبران نے ڈویژن بھر میں کئے جانے والے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ مل کر قیام امن کو ہرصورت یقینی بنائیں گے اور بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کی ذمہ داری خلوص نیت سے ادا کی جائے گی۔