جشن عید میلاد النبیﷺ منانے کیلئے افسران تیاریاں مکمل کریں،سرمد تیمور

    جشن عید میلاد النبیﷺ منانے کیلئے افسران تیاریاں مکمل کریں،سرمد تیمور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

شیخوپورہ (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبیﷺ کو مذہبی پر جوش انداز میں منانے کے لئے مرکزی میلاد کمیٹی، ڈسٹرکٹ امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ محکمہ جات کے افسران اپنی تیاریاں مکمل کریں اور ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کیلئے خاص اہمیت کا حامل مہینہ ہے، اللہ تعالیٰ نے حضرت محمدﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا اور آپ کی تعلیمات بنی نوح انسان کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے ڈسٹرکٹ امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عثمان جیلس، اسسٹنٹ کمشنر کوارڈینیشن سعدیہ جمال، ڈی او سپیشل برانچ  سید اظہار الحق شاہ، ڈی ایس سپشل برانچ  فیضان خان، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فیصل جاوید، انچارج سیکورٹی برانچ میاں منظور احمد، چیف  وارڈن سول ڈیفنس محمد الیاس گجر،   چیف آفیسر میونسپل کمیٹی  ملک اعجاز احمد اور اراکین امن کمیٹی نے شرکت کی۔

اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وا?لہ وسلم کے ولادت باسعادت کے موقع پر تمام تقریبات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل اداروں کے سربراہان کو ربیع الاول کے جلوسوں کے روٹس کی مکمل صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور کھمبوں کے ساتھ لٹکتی تاروں کو بھی ٹھکانے لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے تمام ادارے اپنے اپنے فوکل پرسن تعینات کریں تا کہ جلوس کے روٹس پر کسی قسم کی شکایت کو فوری حل کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی کے جلوس کے تمام راستوں پر  چیکنگ اور سویپنگ ہوگی  سادہ کپڑوں میں کمانڈوز،ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے،  انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ملازمین اور افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور پولیس کے گشت نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -