مال روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کیلئے میگا صفائی آپریشن شروع
لاہور () وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مال روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے احسن اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ مال روڈ کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے میگا صفائی آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ 90 سینٹری ورکرز، 10 سپروائزرز تینوں شفٹوں میں صفائی انتظامات پر مامورکر دئیے گئے جبکہ تمام مارکیٹس کی یونین سے میٹنگز کر کے ویسٹ کولیکشن کا شیڈول طے کیا جا رہا ہے۔لاہور کی مرکزی اور اہم شاہراہ پر خصوصی صفائی اقدامات کے حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر دن کے اوقات میں بھی مکینیکل سویپنگ واشنگ کے ساتھ ہفتے بھر میں رات کی شفٹ میں پورے مال روڈ کی 3 بار واشنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ دوکاندار حضرات طے کردہ ٹائم پر کوڑا ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کے حوالے کرنے کے پابند ہونگے۔ مزید براں لٹرنگ کو کنٹرول کرنے کیلئے انفورسمنٹ ٹیموں کو بھی مال روڈ پر ایکٹیو کر دیا گیا ہے۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی عمر چوہدری کے مطابق عوام کی سہولت کیلئے مال روڈ پر مزید ڈسٹ بنز انسٹال کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عوامی آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کمیونٹی موبلائزیشن ٹیمیں مال روڈ پر متحرک ہیں۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے عوام سے بھی گزارش کی ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں سے تعاون کریں۔ کوڑا صرف نصب کردہ کوڑے دان میں ہی پھینکیں۔
صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔