نواز شریف ایئر پورٹ سے کہاں جائینگے یہ نگران حکومت کا مسئلہ نہیں (ن) لیگ
لاہور، اسلام آباد،(نیوز ایجنسیاں)ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی پر ایئر پورٹ سے کہاں جائیں گے یہ نگران حکومت کا مسئلہ نہیں ہے،نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرفراز بگٹی صاحب نواز شریف نے ایئر پورٹ سے کہاں جانا ہے یہ نہ آپ کا مسئلہ ہے اور نہ آپ کا فیصلہ، فورس اور تیاری عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے کیلئے استعمال کریں، جس کرسی پہ تھوڑی مدت کیلئے بیٹھے ہیں اسے تاحیات سمجھنے کی غلط فہمی سے باہر آ جائیں، نواز شریف کی نہیں ملک کی فکر کریں،دوسری جانب سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ”حد سے تجاوز“قرار دے دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سرفراز بگٹی صاحب بیان دینے سے پہلے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے۔سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں، نواز شریف جیلوں اور فورس کا سامنا کرچکے ہیں،نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے۔
مسلم لیگ (ن)