سیالکوٹ موٹر وے لنک روڈ کی تعمیر سے لاہور ، گوجرانوالہ کا سفر 45منٹ کا رہ جائیگا : محسن نقوی 

Sep 27, 2023

                                                لاہور(خصوصی رپورٹ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور،سیالکوٹ موٹروے کےساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عام ڈالے میں سفر کیا اور15.2کلومیٹر بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ارتھ ورک اور سٹرک پر پتھر ڈالنے کے کام کی رفتار چیک کی اور زیر تعمیر پلوں کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے 15.2 کلو میٹر زیر تعمیر دو رویہ سٹرک پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کاتقریباً 90 فیصد ارتھ ورک مکمل ہوچکا ہے اور سٹرک کے مختلف مقامات پر پتھر ڈالنے کا کام جاری ہے جبکہ پلوں کی تعمیر اور سب ویز پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائےگا۔وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ اس لنک روڈ کےساتھ کمرشل ایریا بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے وقت کےساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور کا سفر 45 منٹ رہ جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ کا ر پٹیڈ سڑک مو ٹر وے کےلئے بہترین رسائی فراہم کرے گی۔ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کےلئے تمام وسائل برو ئے کار لائے جا رہے ہیں۔رائٹ آف وے سے تمام سروسز کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل عمران ارشد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔محسن نقوی نے رات گئے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا-شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کاتقریباً 88فیصدکام مکمل ہو چکا ہے- وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور پیشرفت کا جائزہ لیا -وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز کی حفاظتی دیواروں کامشاہدہ کیااور تعمیراتی کاموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی-وزیر اعلی محسن نقوی نے پلوں پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور مقررہ مدت میں پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے کنٹریکٹر کو ضروری ہدایات دیں -وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام سپورٹ آپ کے ساتھ ہے،منصوبے کو ہر صورت اگلے ماہ کے وسط میں مکمل ہونا چاہیے۔ بارشوں کے باعث ہونے والی تاخیر کا ازالہ اضافی وسائل لگا کر کیا جائے۔ شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے مزید محنت سے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ مکمل ہونے سے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے پرٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں فنکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فنکاروں کے مسائل سنے او ران کے حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فنکاروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آرٹسٹ کی کوئی پنشن نہیں،بڑھاپے میں بھی وہ محنت کرتاہے پنجاب کابینہ نے فنکاروں،گلوکاروں،رائٹرز اور دیگر آرٹسٹ کےلئے 50کروڑ روپے کا انڈوومنٹ قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔پنجاب کابینہ کے منظور کردہ انڈوومنٹ فنڈ سے فن سے وابستہ تمام افراد مستفید ہوں گے۔ جلدہی آرٹسٹ اورفنکاروں کے لئے ا نڈوومنٹ فنڈ کے لئے رقم جاری کرد ی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ آرٹسٹ او رفنکاروں کی فلاح و بہبود چاہتے ہیں۔ آرٹسٹ او رفنکاروں کی قابل عمل سفارشات کاجائزہ لیں گے۔ ہمارے فنکاروں اور گلوکاروں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کانام روشن کیاہے۔ اپنے آرٹسٹ اور فنکاروں کے لئے ہماری خدمات حاضر ہیں۔سٹیج ڈراموں کے معیار کی بہتری کے لئے کام کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ آرٹسٹوں کے ساتھ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہے ہیں۔ ڈرامہ،فلم انڈسٹری او رآرٹسٹ سب لوگ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ نازیبا ویڈیو ز کے باعث سٹیج ڈرامہ پر پابندی عائد کی تھی کیونکہ یہ ویڈیوز انتہائی قابل اعتراض تھیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد ڈرامہ انڈسٹری کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا نہیں بلکہ اصلاح کرنا ہے۔ سٹیج ڈرامو ں کے حوالے سے ایس او پیز بنائے ہیں۔ فنکاروں کے وفد نے پنجاب کابینہ کی جانب سے 50کروڑ روپے کے انڈوومنٹ کے قیام پر وزیراعلیٰ محسن نقوی،صوبائی وزیرعامر میر اور دیگر وزرائ کا شکریہ ادا کیا او رکہاکہ آپ کی قیادت میں پنجاب کابینہ نے فنکاروں کے لئے بہت بڑا کام کیاہے۔آرٹسٹ آپ کے اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔فنکاروں کے وفد میں ریشم، اورنگ زیب لغاری، راشد محمود، کلیم پرویز، شہزاد رفیق، حسن مراد، افتخار ٹھاکر، گوشی خان، عارف لوہار، وارث بیگ، ترنم ناز، ایوب خاور، ناصر ادیب، نعیم طاہر، جاوید رضوی، روحی خان، پرویز رضا، ذوالفقار علی اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات وثقافت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ کا26واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 9نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس(اپوائنٹمنٹ بائی پرموشن) سروس رولز 2020 میں ترامیم اور پنجاب سپورٹس انڈومنٹ فنڈمینجمنٹ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ٹیکسلا میوزیم کی بحالی اور اپ گریڈیشن کےلئے جاپانی گرانٹ استعمال کرنے اورپنجاب پبلک سروس کمیشن اورصوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹس برائے 2022 کی منظوری دی گئی۔کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے 6 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈو بسوں کے آپریشن میں توسیع کی منظوری دی گئی۔پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ٹیکنیکل ممبر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کےساتھ آئی سی ٹی بیسڈ سسٹم کے معاہدے کی تجدید کی منظوری دی گئی۔پنجاب وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی رولز 2023 کی منظوری دی گئی۔کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے10ویں اور11ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔صوبائی وزرائ_ ،مشیران،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ملاقات

مزیدخبریں