اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں سے متعلق قیاس آرائیوںکا حصہ نہیں : مرتضی سولنگی 

    اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں سے متعلق قیاس آرائیوںکا حصہ نہیں : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                         اسلام آباد،نانجنگ (این این آئی)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ اوگرا واحد ادارہ ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں اعلان کرتا ہے، وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں کا حصہ نہیں۔سینئر صحافی خلیق کیانی کی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے مرتضی سولنگی نے منگل کو اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو سراہتے ہیں کہ اس نے ہر ایک کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے اجتناب کرنے کا کہا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ ان قیاس آرائیوں کا حصہ نہیں ہیں، ایک پریس کانفرنس کے دوران ان سے پوچھا گیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر میں نے واضح طور پر کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بنیادی طور پر تعین عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اور ڈالر کی شرح تبادلہ سے ہوتا ہے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ یہ بتائے بغیر کہ امکان قریب ہے یا نہیں، میں نے اسی دن ایک شائع ہونے والی رپورٹ کا ذکر کیا جس میں قیمتوں میں کمی کے حوالے سے پیشنگوئی کی گئی تھی۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ یہ اوگرا کا اختیار ہے اور اوگرا ہی واحد ادارہ ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں اعلان کرتا ہے۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا جیسا کہ ایک قومی انگریزی روزنامہ میں رپورٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبار اور صحافی دونوں کو اس حوالے سے کوئی نتیجہ اخذ کرنے سے پہلے مجھ سے پوچھے گئے سوال اور اس کا مکمل جواب سن لینا چاہئے، یہ ان کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے ثقافتی وابستگی کو فروغ دینے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کے درمیان مشترکہ پروڈکشنز اور دستاویزی فلموں کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان میڈیا تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، مشترکہ پروڈکشنز رکن ممالک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی اور رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکیں گے۔ منگل کو شنگھائی تعاون تنظیم کے ٹی وی فیسٹیول کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور چین اس سال سی پیک کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ سات دھائیوں پر مشتمل پاک چین دوستی کا یہ شاندار سفر انفرادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے آہنی برادر کا درجہ رکھتے ہیں اور ان کے درمیان ثقافتی روابط صدیوں پرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے فریم ورک سے یہ روابط مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے مابین تاریخی معاشی تعاون کی شکل اختیار کئے ہوئے ہے۔ مرتضی سولنگی سے منگل کو یہاں روس کی نائب وزیر اطلاعات بیلا چریکسووا نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور روس کے ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے روس کےساتھ مشترکہ پروڈکشن اور تربیتی پروگرامز کے آغاز پر زور دیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے روسی نائب وزیر اطلاعات کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ 

نگران وزیراطلاعات

مزید :

صفحہ اول -