ڈیرہ، نادہندگان کےخلاف آپریشن، متعدد کا ر شو رومز سیل
ڈیرہ غازیخان ( سٹی رپورٹر، نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) ڈی جی خان ڈویژن میں بلدیاتی اداروں کے نادہندگان،نقشہ اور کنورشن فیس کی وصولی کےلئے مہم تیز کردی گئی۔نادہندگان کو نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ ڈی جی خان میں متعدد کار شو رومز سر بمہر کردئیے گئے۔سیل توڑنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود (بقیہ نمبر8صفحہ6پر )
بشیر نے کاروباری حضرات کی آسانی کےلئے واجبات و ٹیکسز اقساط میں جمع کرانے کی رعایت دینے کی یقین دہانی کرادی ہے انہوں نے یہ رعایت چیمبر آف کامرس کے وفد کے مطالبہ پر دی۔ وفد نے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان شہر میں 21 کاروباری مراکز سربمہر کئے گئے۔کمشنر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن ایک ارب روپے کے خسارہ میں ہے۔ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی نہیں ہورہی۔دو سال قبل ریٹائر ہونے والوں کو بھی پنشن نہیں ملی۔میونسپل سروسز کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کےلئے واجبات کی وصولی ضروری ہے۔نقشہ اور کنورشن فیس کی بلا امتیاز وصولی کرائی جائے گی بلدیاتی اداروں میں بھی کرپشن روکنے کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری اور گاڑیوں پر ٹریکر لگائے گئے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ سربمہر کئے گئے کاروباری مراکز دوبارہ کھولنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف ریاست حرکت میں آئے گی۔مقدمات کے ساتھ فوری گرفتاریاں ہوں گی۔وفد میں بیرسٹر عباس علی خان نصوحہ،مرزا ظفر اقبال، مرزا اقبال احمد،خورشید احمد،طارق اسماعیل قریشی،طاہر معراج،محمد علی دستی،مجاہد عباس اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر چیف آفیسر کارپوریشن زوہیب لغاری،ایم او پی خورشید نصیر اور دیگر موجود تھے۔