بہاولپور، سڑک کےلئے مختص اراضی پر لینڈ مافیا قابض، عدالت کے حکم پر آپریشن مزاحمت پر کارروائی متاثر، شکایت کنندگان کےخلاف مقدمہ، تشدد، ذرائع
بہاول پور (بیورو رپورٹ) رفیع قمر روڈ تا سول ہسپتال موضع قادر بخش چنڑ میں بننے والی سڑک کی اربوں روپے مالیت کی 14 کنال اراضی پر لینڈ مافیاشاکر ، عابد ، مشتاق ، اللہ دتہ وغیرہ نے کمرشل دکانیں اور مکانات تعمیر کر کے قبضہ جما رکھا ہے۔محکمہ مال کے فیلڈ سٹاف اور(بقیہ نمبر28صفحہ6پر )
افسران کی طرف سے اس اراضی کی 12 مارچ 2022 ءکو حد براری رپورٹ مرتب ہوئی ۔ کمشنر بہاول پور اور اسسٹنٹ کمشنر نے اس رپورٹ پر تجاوزات کے خلاف کاروائی بارے عدالت عالیہ میں رپورٹ جمع کرائی جہاں رانا اسلم ، علی ،عبدالغفار اور دیگر نے اراضی وگزار کرانے کے لئے رٹ پٹیشن دائر کر رکھی تھی۔عدالت عالیہ کی طرف سے مذکورہ اراضی وگزار کرانے کے احکامات جاری ہوئے جس پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) بہاول پور عدیل خان نے اراضی کی وگزاری کے نوٹس جاری کئے مگر لینڈ مافیا نے رقبہ وگزار نہ کیا جس پر تجاوزات کے خلاف کاروائی شروع کی گئی جس میں پولیس اور میونسپل کارپوریشن بھی شامل تھے۔لینڈ مافیا نے خواتین کے ہمراہ انٹی انکروچمنٹ میں مداخلت کی اور تجاوزات ختم کرانے والے عملہ کے ساتھ بدتمیزی اور گالم گلوچ کی ۔ مزاحمت اتنی شدید تھی کہ انٹی انکروچمنٹ کاروائی کو روکنا پڑا۔ لینڈ مافیا نے عدالت عالیہ میں پٹیشن دائر کرنے والے رانا اسلم کے گھر گھس کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کر کے رانا اسلم بیٹوں معاذ، حماد اور ان کی والدہ کو شدید مارا پیٹا، سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ متاثرین کی طرف سے 15 پر کال کی گئی تو تھانہ صدر کی پولیس نے لینڈ مافیا سے گٹھ جوڑ کر لیا اور لینڈ مافیا کے شاکر کی مدعیت میں پٹیشنر کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کر لیا۔متاثرین نے اسے پولیس گردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی ، چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) عدیل خان نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف کاروائی مکمل کی جائے گی۔