’’جنوری میں الیکشن ہونے کاامکان نہیں کیونکہ ۔۔۔‘‘شاہد خاقان عباسی نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں سخت سردی کے باعث جنوری میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو نگران وزیر داخلہ کو دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی، مگر نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کو بھی نوازشریف کی گرفتاری کے حوالے سے بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح بحیثیت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چیئرمین تحریک انصاف کے بغیر الیکشن والا بیان نہیں دے سکتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں سخت سردی کے باعث جنوری میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں دیے گئے بیان میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے، میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔تاہم منگل کو نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گرفتاری پر دیے جانے والے بیان سے متعلق وضاحت پیش کردی۔
سرفراز بگٹی کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہےکہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا ایک بڑا حصہ نواز شریف کو خوش آمدید کرنے کی تیاریوں میں مشغول ہے اور وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
بعد ازاں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اگر بیلٹ پیپر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نہ ہونے پر احتجاج ہوا تو بھی الیکشن جائز اور قانونی ہوگا۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔