پیپلزپارٹی کا چیئرمین سینیٹ کوخط، اجلاس بلانے کا مطالبہ دھرا دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے ریکوزیشن مسترد کرنے کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ کوخط لکھ کر سینیٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ دھرا دیا۔
پیپلزپارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کیا اراکین نے دستخط واپس لینے کے لیے تحریری طور پر سینیٹ سیکریٹریٹ کو لکھا؟ کیا سینیٹ سیکریٹریٹ نے ان اراکین سے تحریری طور پر دستخط واپس لینے کا کہا؟ان کا کہنا تھا کہ آئین اور رولز کسی کو دستخط واپس لینے کا اختیار نہیں دیتا، چیئرمین سینیٹ یا سینیٹ سیکریٹریٹ فیصلہ کنندہ کا کردار کیسے ادا کر سکتا ہے؟ انہوں نے لکھا کہ آئین چیئرمین سینیٹ آفس کو فیصلہ کنندہ ہونے کا اختیار نہیں دیتا، آئین کے تحت چیئرمین سینیٹ کا دستخط واپس لینے میں کوئی کردار نہیں، اس وقت عوام غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث شدید مشکلات میں ہیں۔ انہوں نے خط میں امید ظاہر کی ہے کہ چیئرمین سینیٹ عوام کے مفاد میں سینیٹ کا اجلاس بلائیں گے۔