پسند کی شادی سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس پر وضاحتی بیان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے فیملی کیس میں پسند کی شادی بارے کے ریمارکس پر وضاحتی بیان جاری کردیا گیا۔
ترجمان سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ عدالت نے محبت کی شادیوں پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار نہیں کیا تھا.
ترجمان سپریم کورٹ آف پاکستان کا وضاحتی بیان میں کہنا ہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ایک فیملی کیس کی سماعت کی ۔دوران کیس پتا چلا کہ دو نابالغ بچوں کے والدین نے محبت کی شادی کی۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ والدین کو اپنے بچوں کے لیے بھی وہی محبت دکھانی چاہیئے ۔ عدالت نے محبت کی شادیوں پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار نہیں کیا تھا۔ ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق عدالت کی ریمارکس سے فریقین کو محبت کی طاقت کی یاد دلائی گئی، جس کا اطلاق جب ان کے بچوں کے معاملے پر کیا گیا تو اس کے نتیجے میں کیس کا خوشگوار حل نکلا۔