صدارتی آرڈیننس کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹسزجاری

Sep 27, 2024 | 11:32 AM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورہائیکورٹ نے نیب ترامیم  کے صدارتی آرڈیننس کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،عدالت نے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر معاونت کیلئے طلب کرلیا۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں نیب ترامیم کے صدارتی آرڈیننس کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس شجاعت علی خان نے کیس پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے،درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ صدارتی آرڈیننس ہنگامی صورتحال میں ہی جاری کیا جا سکتا ہے،ترامیم پاکستان تحریک انصاف کے بانی پر دباؤ ڈالنے کیلئے  کی گئی ہے،قائم مقام صدر کی جانب سے نیب ترمیمی آرڈیننس کا اجرا سیاسی مقاصد کیلئے کیا گیا ہے،نیب ترامیم سے بڑے بڑے ریفرنسز متاثر ہونگے اور انارکی پھیلے گی،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت صدارتی آرڈیننس کو کالعدم قرار دے،جسٹس شجاعت علی خان نے کہاکہ یہ اہم نوعیت کا معاملہ ہے اور اس پر اٹارنی جنرل کی معاونت ضروری ہے،عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،عدالت نے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر معاونت کیلئے طلب کرلیا۔

مزیدخبریں