حماد اظہر سے شادی کی افواہوں پر اینکر پرسن شفاء یوسفزئی نے خاموشی توڑ دی 

حماد اظہر سے شادی کی افواہوں پر اینکر پرسن شفاء یوسفزئی نے خاموشی توڑ دی 
حماد اظہر سے شادی کی افواہوں پر اینکر پرسن شفاء یوسفزئی نے خاموشی توڑ دی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ عہدیدار حماد اظہر اور معروف اینکر پرسن شفاء یوسفزئی کے درمیان مبینہ شادی کی افواہیں زیر گردش ہیں جو کہ ایک معروف نوجوان صحافی کے دعوے کے بعد شروع ہوئیں تاہم انہوں نے زور اس وقت پکڑا جب پی ٹی آئی رہنما نے صحافی کے ٹویٹ پر جواب دیا لیکن اب اینکر پرسن شفاء یوسفزئی نے بھی اس پر خاموشی توڑتے ہوئے ردعمل میں انہیں بے بنیاداور جھوٹی قرار دیدیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اینکر پرسن شفاء یوسفزئی نے سابقہ ٹویٹر اور موجودہ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ محترم حضرات، واضح کر دوں کہ میں نے کسی سے شادی نہیں کی! تاہم سوشل میڈیا پر جو مہم میرے خلاف چلائی جا رہی ہے، وہ مجھے یہ یاد دلاتی ہے، جیسے یہ ہر محنت کش خاتون کو یاد دلانا چاہیے، کہ پاکستان جیسے مردانہ حاکمیت والے معاشرے میں ایک عورت کس قدر غیر محفوظ ہے اور ہمیشہ اپنی موجودگی کا جواز پیش کرتی رہتی ہے! (ویسے یہ پہلی بار نہیں ہے کہ مجھے اس طرح نشانہ بنایا گیا ہے)۔ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے درخواست کرتی ہوں کہ اس بے بنیاد مواد کو حذف کریں اور تمام معزز مرد و خواتین سے گزارش ہے کہ اس غیر ضروری مہم کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ ساتھ ہی ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔‘‘

حماد اظہر کا رد عمل 

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما حماد اظہر نے بھی ان افواہوں پر رد عمل جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’ مجھ سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک جعلی خبر گردش کر رہی ہے ، مہربانی کر کے یہ خبریں پھیلانے والے اکاونٹس اور کلک بیٹس کو رپورٹ کریں، یہ صرف ایک دھوکہ ہے تاکہ ہمیں ہمارے اصل مقصد، یعنی پاکستان کو ظلم و جبر سے آزاد کروانے سے ہٹایا جا سکے۔ رپورٹ کریں اور پھر نظر انداز کریں۔ شکریہ۔‘‘

معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟

درحقیقت یہ ساری بحث اور معاملہ اس وقت شروع ہوا جب نوجوان صحافی نجم الحسن باجوہ نے ایکس پرپ یغام جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ’’ لاہور سے تحریک انصاف کے ایک ہینڈسم اعلیٰ عہدے دار نے حال ہی میں ایک صحافی خاتون سے دوسری شادی کر لی ہے ، دونوں کو مبارک ہو‘‘ ۔

صحافی کی جانب سے یہ پیغام جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اپنے اپنے اندازے لگانا شروع کر دیئے لیکن سب سے زیادہ جس شخصیت کا نام لیا گیا وہ ’ حماد اظہر ‘ ہیں ،  9 مئی کے مقدمات کے بعد لمبے عرصہ تک غائب رہنے والے حماد اظہر نے سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیلتی افواہوں کو دیکھتے ہوئے جواب دینے کا فیصلہ کیا ۔

حماد اظہر نے صحافی کے پیغام کے نیچے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ کی ٹویٹ کے نیچے تو میرا نام چل رہاہے ، سب دوستوں کا مجھے ہینڈسم تصور کرنے کا شکریہ لیکن اگر کبھی ایسی بات ہوئی تو آپ سب کو بروقت اطلاع دے دوں گا‘‘ ۔ پی ٹی آئی رہنمانے اپنے جواب کے ساتھ قہقہہ لگانے کی ایموجی بھی شیئر کی ۔

صحافی نجم الحسن نے جب دیکھا کہ حماد اظہر اس بحث میں خود ہی کود پڑے ہیں تو انہوں نے بھی دبے لفظوں میں ساری کہانی کھول کر رکھ دی ، ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ حماد صاحب لاہور میں ماشاءاللہ ہینڈسم تو آپ ہی ہیں ، انکار کرنا آپ کا حق ہے لیکن میں اپنی خبر پر قائم ہوں ‘‘ ۔ 

صحافی نجم الحسن نے اپنے پیغام میں کہیں پر بھی خاتون صحافی کے نام کا ذکر نہیں کیا لیکن سوشل میڈیا پر نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ’ شفاء یوسفزئی ‘ کا نام لیا جارہاہے تاہم ان کے نام کی آزاد ذرائع سے ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔

مزید :

قومی -