قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ترمیمی بل کی منظوری دیدی

Sep 27, 2024 | 01:31 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ترمیمی بل کی منظوری دیدی۔

سما ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس ہوا،چیئرمین محمود بشیرورک نے اجلاس کی صدارت کی،مختلف ترمیمی بل قائمہ کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے،اجلاس میں لیگل ایڈاینڈ جسٹس اتھارٹی ترمیمی بل 2024کا جائزہ لیاگیا۔

وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی 2020میں قائم کی گئی،یہ اتھارٹی ابھی وزارت انسانی حقوق سے وزارت قانون انصاف میں آئی،بل میں جہاں انسانی حقوق کا لفظ تھا اسے قانون انصاف کے ساتھ تبدیل کیا گیا۔

 بیرسٹر گوہر نے کہاکہ جب بھی لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بنتی ہے وہ انسانی حقوق کے پاس ہوتی ہے،اس کو انسانی حقوق کے پاس ہی رہنے دیں، وزیرقانون نے کہا کہ اتھارٹی میں سیکرٹری انسانی حقوق کی نمائندگی رہے گی،انسانی حقوق والے اتھارٹی کا حصہ رہیں گے،اتھارٹی کا اپنا دفتر تھا یہ خودمختار باڈی ہے،لیگل ایڈصوبائی حکومتیں فراہم کررہی ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ اس کمیٹی میں ہمیں اپوزیشن یا حکومت کا لبادہ نہیں پہننا چاہئے،قائمہ کمیٹی نے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ترمیمی بل کی منظوری دیدی۔

مزیدخبریں