موٹرسائیکل پر پش اپس لگاتا نوجوان مشکل میں پھنس گیا

Sep 27, 2024 | 06:32 PM

پٹنہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کے لیے نوجوانوں کی جانب سے خطرناک کرتب دکھائے جاتے ہیں اور وہ اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔

بھارتی ریاست بہار سے ایک ایسی ہی ویڈیو سامنے آئی ہیں جس میں نوجوان کو موٹر سائیکل پر پش اپس لگاتے دیکھا جاسکتا ہے تاہم صارفین کی شکایت پر پولیس نے اس کے خلاف ایکشن لے لیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نمستے انڈیا کے عنوان سے ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں نوجوان کو مصروف شاہراہ پر چلتی موٹر سائیکل پر پش اپس لگاتے اور دیگر کرتب دکھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

نوجوان کی شناخت نیرج یادیو کے نام سے ہوئی ہے اور یہ خود کو ’موٹر بلاگر‘ بتاتا ہے جبکہ انسٹاگرام پر اس کے فالوورز کی تعداد دو لاکھ سے زائد ہے۔

نیرج نے انسٹاگرام پر 600 سے زائد ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں وہ موٹر سائیکل پر مختلف کرتب دکھاتے نظر آتا ہے۔

نوجوان کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس کی ویڈیو پر پولیس کو شکایت کی گئی۔

بعدازاں پولیس نے بتایا کہ موٹرسائیکل کو دو ماہ قبل پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا اور نوجوان کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

مزیدخبریں