راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے رینجرز بھی طلب کرلی گئی

Sep 27, 2024 | 07:55 PM

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کے لیےدفعہ144نافذکردی، رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کردیاگیا۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں دو دن کے لیے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے، پابندی کااطلاق راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی،اٹک، جہلم اور چکوال  میں ہفتہ 28 ستمبر اور اتوار 29 ستمبر کو ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ان دو دنوں میں راولپنڈی ڈویژن کی حدود میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔  اس کے علاوہ اسلحہ رکھنے اور  اسلحے کی نمائش  کی بھی ممانعت ہوگی۔صوبائی حکومت کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن میں رینجرز کی تعیناتی کےلیےمراسلہ ارسال کیا گیا ہے،  ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات  کی جائیں گی۔محکمہ  داخلہ کے مطابق ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کا راولپنڈی آمد کا اندیشہ ہے، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس کی چھٹیاں اچانک منسوخ کرکے چھٹیوں پر گئے ہوئے افسران و جوانوں کو ہنگامی حالت میں ڈیوٹیوں پر واپس طلب کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 28  ستمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد پی ٹی آئی  نے جلسے کے مقام پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں