زندگی اس قدرمختصر ہے کہ آپ معاشی غلامی کے متحمل نہیں ہوسکتے،وہ کام کیجئے جس میں کامیابی کا انحصار کارکردگی پر ہو۔ کسی سے دھوکہ نہ کھائیے

 زندگی اس قدرمختصر ہے کہ آپ معاشی غلامی کے متحمل نہیں ہوسکتے،وہ کام کیجئے جس ...
 زندگی اس قدرمختصر ہے کہ آپ معاشی غلامی کے متحمل نہیں ہوسکتے،وہ کام کیجئے جس میں کامیابی کا انحصار کارکردگی پر ہو۔ کسی سے دھوکہ نہ کھائیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:ڈاکٹر ڈیوڈ جوزف شیوارڈز
ترجمہ:ریاض محمود انجم
 آخری قسط
کام میں تخلیقی کامیابی کے حصول کا طریقہ:
ِِ1:جو کام آپ کو واقعی پسند ہو، وہی کام کیجئے۔ زندگی اس قدرمختصر ہے کہ آپ معاشی غلامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
2:وہ کام کیجئے جس میں کامیابی کا انحصار کارکردگی پر ہو۔ کسی سے دھوکہ نہ کھائیے، سست الوجود اور نالائق افراد کو دوست نہ بنائیے۔
3:اس پیشے کا انتخاب کیجئے جس کے ذریعے آپ معاشی معاملات میں خود کفیل ہو سکیں۔
4:وہ پیشہ اختیار کیجئے جو آپ کی عزت نفس اور اعتماد میں اضافے کا موجب ہو۔ دوسروں لوگوں کو خوش کرنے سے پہلے اپنی ذات کو خوشی اور طمانیت پہنچائیے۔
نفع بخش دائرہ رفاقت میں وسعت پیدا کرنے کا طریقہ:
 1:ان افراد کو اپنا دوست بنائیے جو دانا اور عقل مند ہوں اور سنہری دور کے انتظار میں ہوں۔ ان لوگوں کو دوست بنانے سے اجتناب کیجئے جو دوبارہ ”بُرے دور“ کے منتظر ہوں۔
2:دائمی طور پر احساس کمتری میں مبتلا لوگوں کو دوست بنانے سے گریز کیجئے۔ آپ کی زندگی میں اس قسم کے لوگوں کا کوئی مقام نہیں ہے۔
3: ان دوستوں کا انتخاب کیجئے جو آپ کو حوصلہ فراہم کریں۔
4:ان لوگوں کو اپنا دوست بنائیے جو کامیابی حاصل کرنے کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کریں۔
نفسیاتی حالات و کیفیات پر قابو پانے کا طریقہ:
1: یاد رکھیں، آپ کا ذہن، آپ کے خیالات و احساسات کا ترجمان ہے۔ اگر آپ اپنے ذہن میں فضول خیالات و تصورات داخل کر لیں گے تو احمق کہلائیں گے۔ اپنے ذہن میں اچھے اور مثبت خیالات داخل کریں۔ معجزات اور کمالات آپ کے منتظر ہوں گے۔
2:اچھی خبریں، مثبت خیالات سننے اور انہیں اپنے ذہن میں بسانے پر اپنی توجہ مرکوز کیجئے۔ ذرائع ابلاغ و اطلاعات کی جانب سے پھیلائی ہوئی غلط اور جھوٹی خبروں سے اپنے ذہن کو آلودہ اور پراگندہ نہ کریں۔
3: ان خبروں اور معلومات کو پڑھیے یا سنیے جو آپ یا دوسرے لوگوں کے لیے بھی مفید ہوں۔
4:صرف کامیاب لوگوں ہی سے مشورہ اور رائے طلب کیجئے، ناکام لوگ صرف آپ کو ناکام ہونے کے طریقے ہی بتا سکیں گے۔
اپنی مطلوبہ منزل کے حصول کا طریقہ:
1: اپنے لیے وہ مقاصد مقرر کیجئے جن کا حصول واقعی مشکل ہو، آسان اہداف کا حصول ایک فضول اور غیر دلچسپ کام ہے۔ اگر کچھ لوگ کسی کام کو اپنے لیے ناممکن سمجھتے ہیں تو یہ آپ کے لیے طمانیت بخش بات ہے۔
2:اپنے مقاصد کے معیار میں بتدریج اضافہ کرتے جائیے۔ اگر آپ کے موجود مقاصد، ایک سال پہلے بھی یہی تھے تو اس سے مراد یہ کہ آپ ناکامی کی طرف جا رہے ہیں۔
3:یاد رکھیں، بے مقصد زندگی زندہ لاش کے برابر ہے۔
4: یاد رکھیں، مقاصد آپ کے لیے توانائی کا باعث ہیں۔ عظیم مقاصد کا تعین آپ میں عظیم توانائی پیدا کر دیتا ہے۔
دولت جمع کرنے کا طریقہ:
1:یاد رکھیں، یہ دولت ہی ہے جس کے ذریعے آپ مزید دولت پیدا کر سکتے ہیں۔
2:خواہ آپ کی جتنی بھی آمدنی ہو، کم از کم 10فیصد (قابل ترجیح 25 فی صد) آمدنی کو مزید دولت پیدا کرنے کے پروگرام کے لیے مختص کرلیں۔
3:زیادہ سے زیادہ دولت حاصل کرنے پر مبنی رویہ آپ میں زیادہ سے زیادہ اعتماد پیدا کرتا ہے۔ لہٰذا زیادہ سے زیادہ دولت حاصل کیجئے اور اپنی اندرونی طاقت اور اعتماد میں اضافہ کیجئے۔
4:خریداری کرتے ہوئے مقدار نہیں معیار کو مدنظر رکھیئے۔
آپ نے خلیج تو عبور کر لی ہے، اب سامنے ایک وسیع سمندر ہے، آپ استقلال کے ساتھ کشتی چلائیے اور اس ساحل تک جا پہنچئے جہاں کامیابی ہی کامیابی ہے۔
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -