مسلم لیگ (ن) کی حکومت تیزی سے اپنے وعدوں کی جانب گامزن ہے،روحیل اصغر

مسلم لیگ (ن) کی حکومت تیزی سے اپنے وعدوں کی جانب گامزن ہے،روحیل اصغر

لاہور (خبر نگار) ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تیزی سے اپنے وعدوں کی طرف گامزن ہے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی عوامی اعتماد کا شاخسانہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سلامت پورہ روڈ فتح گڑھ میں علی ٹرسٹ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے ورنہ کنٹینر کی سیاست کرنے والوں نے غیر ملکی آقاؤں کے اشارے پر دھرنے دے کر ایک بار دورہ منسوخ کروا دیا تھا اور ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی سازش کی لیکن مسلم لیگی قائدین نے بہتر انداز میں اجاگر کیا ۔ چینی صدر کے دورہ سے ہونے والی سرمایہ کاری کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے اور ملکی معیشت بہتر ہوگی ، بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا ، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے نجات ملے گی ۔ حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کیے گئے سوال پر اُنہوں نے کہا کہ ہر ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کو مانیٹر کرنے والی کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جو کہ کاموں کی نگرانی کریں گی اور ناقص میٹریل پر کام روک کر معیاری کام کروانے کے لیے انتظامیہ سے رابطہ رکھیں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1